مودی کے معافی مانگنے تک پارلیمنٹ نہیں چلنے دیں گے:اپوزیشن
سابق صدر حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر وزیراعظم مودی کے بیان کو لے کر کانگریس پارٹی سخت غصہ میں ہے اور معافی مانگنے کو کہہ رہی ہے۔
سابق نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر پاکستان کے ساتھ مل کر سازش تیار کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامات کے خلاف متحد ہوتے ہوئے اپوزیشن نے آج کہا کہ جب تک مسٹر مودی معافی نہیں مانگتے راجیہ سبھا کی کارروائی نہیں چلنے دی جائے گی۔
اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے ایوان کی کارروائی ڈھائی بجے تک کے لئے ملتوی ہونے کے بعد ایوان میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد اور کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے ڈی راجہ اور سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ وزیر اعظم کو اپنے الزامات پر وضاحت پیش کرنی چاہئے۔
آزاد نے کہا کہ نریندرمودی نے حامد انصاری اور ڈاکٹر سنگھ کے ساتھ سابق آرمی چیف دیپک کپور، سابق وزیر خارجہ، سابق خارجہ سکریٹری اور چند سینئر صحافیوں پر پاکستانی نمائندوں کے ساتھ مل کر گجرات میں بی جے پی کو شکست دینے کی سازش کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی معمولی الزام نہیں ہے اور نہ ہی کسی عام شخص کے خلاف لگایا گیا ہے۔ الزام لگانے والے بھی خود وزیر اعظم ہیں۔ ہم نے ضابطہ 267 کے تحت تحریک التوا کا نوٹس دیا تھا لیکن ہمیں ایوان میں معاملہ اٹھانے نہیں دیا گیا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Dec 2017, 4:36 PM