مذہب کے نام پر ہو رہی لوٹ، نہیں ہونے دے گی کانگریس: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس معاملہ کی جانچ ضلع مجسٹریٹ سے کرانے کا کوئی مطلب یا فائدہ نہیں، کیونکہ ضلع مجسٹریٹ کسی میئر کی کیسے جانچ کرے گا۔

پرینکا گاندھی، تصویر ویپن
پرینکا گاندھی، تصویر ویپن
user

سید خرم رضا

کانگریس کی جنرل سکریٹری اور اتر پردیش کی ذمہ دار پرینکا گاندھی نے ایودھیا میں رام مندر کے لئے زمین کی خرید و فروخت میں بدعنوانی اور مندر کے آس پاس کی جگہ کو خریدنے کے معاملہ میں بی جے پی قائدین اور رام مندر ٹرسٹ کے ٹرسٹی پر بڑے سنگین الزام لگائے ہیں۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس معاملہ کی جانچ ضلع مجسٹریٹ سے کرانے کا کوئی مطلب یا فائدہ نہیں، کیونکہ ضلع مجسٹریٹ کسی میئر کی کیسے جانچ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر کے لئے ٹرسٹ سپریم کورٹ کے حکم پر بنا گیا تھا اس لئے اس کی جانچ بھی سپریم کورٹ کے لیول پر ہونی چاہئے۔ انہوں نے اس معاملہ میں سپریم کورٹ سے بھی خود نوٹس لینے کے لئے کہا کیونکہ اس سارے معاملہ میں غریب عوام کا پیسہ شامل ہے۔

پرینکا گاندھی نے دلتوں کی اس زمین کے خریدنے کی بات بھی کہی جو خریدی نہیں جا سکتی اور اس میں ایک ایف آئی آر درج ہونے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے چند منٹوں میں کروڑوں کے منافع سے بیچے جانے والی زمین پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے ٹرسٹی چمپت رائے، میئر اور میئر کے رشتہ داروں کے اس معاملہ میں کردار پر سوال اٹھائے ہیں۔


پرینکا گاندھی نے رام مندر کے آس پاس جن افسران اور بی جے پی قائدین کے ذریعہ زمینیں خریدی جا رہی ہیں اس پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے اس تعلق سے میئر کے بھتیجے دیپ نرائن کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا کہ دیپ نرائن بی جے پی آئی ٹی سیل کے ذمہ داروں میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے رام مندر کے چندہ میں چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس میں ایک اور چپت لگی ہے جبکہ اس کے لئے ہندوستان کے غریب عوام نے اپنی بچت میں سے اپنے عقیدہ کی وجہ سے چندہ دیا تھا اور اس معاملے میں لوگوں کے عقیدے کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا اس سارے معاملہ میں کس کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے اور اس کے خلاف کانگریس عوامی تحریک چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کی اخلاقی ذمہ داری صرف اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ تک نہیں ہے بلکہ اس کی ذمہ داری وزیر اعظم نریندر مودی تک کی ہے کیونکہ اس میں عوام کا چندہ شامل ہے۔ لکھیم پور اور رام مندر معاملہ پر ایک سوال کے جواب میں پرینکا گاندھی نے کہا کہ دونوں معاملوں سے حکومت کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے اور دونوں معاملوں پر کانگریس کا موقف ہے کہ وزیر کو برخاست کیا جائے اور رامندر ٹرسٹ پر لگے مبینہ الزامات کی اعلی سطحی جانچ کرائی جائے، جبھی دونوں معاملوں کی انصاف پر مبنی جانچ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا جمہوریت کو ختم کیا جا رہا ہے اور کانگریس یہ لڑائی عوام کی عدالت میں لڑے گی۔


اتر پردیش کے تعلق سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں سے کانگریس ہی زمین پر عوام کے مسائل کے لئے لڑ رہی ہے، باقی سیاسی پارٹیاں خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں سمجھ آ رہا کہ مایاوتی کیوں خاموش ہیں یا اکھلیش کو انتخابات سے دو مہینے پہلے ہی عوامی مسائل کیوں نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ہر مسٔلہ پر پیش پیش رہی ہے اور عوام کے ہر مسٔلہ کو اٹھایا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ کانگریس لوٹ نہیں ہونے دے گی اور وہ بی جے پی کی اس لوٹ میں رکاوٹ بنے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔