’ہریانہ میں کانگریس کی یکطرفہ جیت ہوگی، ماحول بہت سازگار ہے‘، اشوک گہلوت کا دعویٰ
اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ ’’یہ میں اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ دیکھ رہا ہوں کہ ملک میں تشدد کا ماحول بنانے کی کوشش ہو رہی ہے، یہ کسی بھی طرح مناسب نہیں ہے۔‘‘
راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ہریانہ اسمبلی انتخاب میں کانگریس کی جیت کا دعویٰ کرتے ہوئے پیر کے روز کہا کہ ریاست میں پارٹی کی یکطرفہ جیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران ہریانہ اسمبلی انتخاب کے بارے میں پوچھے جانے پر گہلوت نے یہ بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہریانہ انتخاب میں کانگریس کی جیت ہو رہی ہے، یہ جیت یکطرفہ ہونے والی ہے۔ ریاست میں اچھا ماحول ہے۔‘‘
اس دوران اشوک گہلوت نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے متعلق مخالفین کے ذریعہ کیے جا رہے تبصروں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک میں تشدد کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔‘‘ مرکزی وزیر رونیت بٹو کے تبصرہ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’اپنی زندگی میں پہلی بار اس طرح کی زبان سن رہا ہوں۔ بی جے پی سے منسلک لیڈران بول رہے ہیں اور اس پر بی جے پی یا آر ایس ایس کی طرف سے کوئی تبصرہ بھی نہیں ہو رہا۔‘‘
اشوک گہلوت کا کہنا ہے کہ ’’افسوس اس بات کا ہے کہ اگر کوئی بے وقوفی کر بھی دیتا ہے تو بی جے پی کے لیڈر وزیر اعظم نریندر مودی جی ہیں... امت شاہ جی ہیں... نڈا جی ہیں... کسی لیڈر نے یہ نہیں کہا کہ بہت غلط بولا گیا ہے، ہم اس سے متفق نہیں ہیں۔ بی جے پی کے سرکردہ لیڈروں نے اتنی بات بھی نہیں کہی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں اپنی زندگی میں پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ اس طرح کا ماحول بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ ملک میں تشدد کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔ یہ کسی بھی طرح سے مناسب نہیں۔ آج حکومت کرنے والے لوگ خاموش کیوں ہیں، اس کا جواب ملک کو دینا چاہیے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔