’کسانوں سے بات چیت کا ڈھونگ کر رہی ہے حکومت‘ بھارت بند کی حمایت کرے گی کانگریس

کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کسان تحریک کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے اور وہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کا ڈھونگ کرکے ملک کے کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا / تصویر آئی اے این ایس
کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کسان تحریک کو ختم کرنے کے لئے سنجیدہ نہیں ہے اور وہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کا ڈھونگ کرکے ملک کے کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی کے ساتھ کانگریس نے 8 دسمبر کو کسانوں کی طرف سے بلائے گئے بند کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

کانگریس نے کہا ہے کہ نئے زرعی قوانین کے خلاف 8 دسمبر کو کسان تنظیموں کی جانب سے بھارت بند کی کال پر پارٹی ان کی کی حمایت کرے گی اور پارٹی کارکنان اسے کامیاب بنانے کےلئے کام کریں گے۔ کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کے کارکنان ملک بھر میں تحصیل کی سطح پر کام کریں گے اور کسانوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔


انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والی کسی بھی انصافی کے خلاف سبھی ریاستوں کے دفاتر، ضلع صدر دفاتر اور تحصیل صدر دفاتر پر کسانوں کے ساتھ مظاہرہ کریں گے اور بھارت بند کو کامیاب بنانے کی پرزور کوشش کریں گے۔

’کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا ڈھونگ کررہی ہے حکومت‘

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ ایک طرف حکومت تحریک چلارہے کسانوں کے ساتھ کئی دور کی بات چیت کر رہی ہے اور دوسری طرف وزیراعظم نریندر مودی بات چیت شروع ہونے سے دو دن پہلے وارانسی میں اعلان کر رہے ہیں کہ کسان جن قوانین کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں، انہیں واپس نہیں لیا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے اس اعلان سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ حکومت کے کسانوں کے ساتھ بات چیت کے دروازے بند ہیں وہ انہیں صرف گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب ان کے مطالبے پر غور ہی نہیں کرنا ہے تو پھر بات چیت کا ڈھونگ کیوں کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کسانوں کے ساتھ حکومت جس طرح کا رویہ اختیار کررہی ہے اس سے واضح ہے کہ ان کے لئے دہلی کے سارے دروازے بند کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کسان تحریک کے سلسلے میں پوری دنیا میں طرح طرح کی باتیں کی جارہی ہیں اور اس سے ملک کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔ اس لئے حکومت کو تصحیک کرانے کے بجائے کسانوں سے فوری طور سے بات چیت کرکے ان کی بات تسلیم کرنی چاہئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔