گاندھی جی کے پتلے کو گولی مارے جانے پر کانگریس ملک گیر مظاہرے کرے گی

30جنوری کو جب پورا ملک گاندھی جی کے قتل کی برسی منا رہا تھا تو اسی وقت علی گڑھ میں ان کے پتلے کو پستول سے گولی ماری جارہی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بابائے قوم مہاتما گاندھی کے پتلے کو گولی مارنے کے خلاف کانگریس ملک گیر مظاہرہ کرکے تمام ریاستوں میں احتجاجی ریلی نکالے گی۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے اتوار کو اس سلسلہ میں ایک بیان جاری کرکے کہا کہ 30جنوری کو جب پورا ملک گاندھی جی کے قتل کی 71ویں برسی منا رہا تھا تو اترپردیش کے علی گڑھ میں ان کے پتلے پر پستول سے گولی ماری گئی، مٹھائی بانٹی گئی اور گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے مجسمہ کو مالا پہنائی گئی۔

وینوگوپال نے کہا کہ یہ حرکت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکمرانی والے اترپردیش میں ہوئی ہے اور اس سے ظاہر ہے کہ اس سوچ کے لوگوں میں مہاتما گاندھی اور ان کے عدم تشدد، سیکولرازم اور بھائی چارہ والے نظریات کے تئیں نفرت کی سطح کتنی گہری ہے۔

بیان کے مطابق ہندو مہاسبھا کی قومی سکریٹری پوجا شاکن پانڈے نے پتلے کو پہلے گولی ماری اور اس کے بعد مٹھائی بانٹی گئی نیز گوڈسے کے مجسمہ کے لئے ’گوڈسے امر‘ رہے جیسے نعرے لگائے۔ خیال رہے کہ اسی دن 1948میں ناتھو رام گوڈسے نے بابائے قوم کو گولی ماکرقتل کیا تھا۔

پولس نے ہندو مہاسبھا کے لیڈر کے ساتھ ساتھ 13 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ اس سلسلہ میں اب تک تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

واضح ہو کہ 30 جنوری 2019 کو ہندو مہاسبھا کی خود ساختہ قومی سکریٹری نے اپنے چند حامیوں کے ساتھ علی گڑھ کے نورنگ آباد علاقہ میں اپنی رہائش گاہ پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کا ایک پتلا بنایا اور ٹھیک 11 بجے اس پر پستول سے تین گولیاں سب نے باری باری سے داغیں اور پھر فلمی انداز میں اس پتلے سے خون بہتا نظر آیا۔ پوجا شکن پانڈے اور اس کے حامیوں نے ناتھورام گوڈسے کو سنت کہہ کر پکارتے ہوئے زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔