کانگریس پانچ ریاستوں میں حکومت بنائے گی: ملکارجن کھڑگے
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں دعوی کیا ہے کہ نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد ان کی پارٹی پانچوں ریاستوں میں حکومت بنائے گی
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں دعوی کیا ہے کہ نومبر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے بعد ان کی پارٹی پانچوں ریاستوں میں حکومت بنائے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی پر بالواسطہ طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مدھیہ پردیش میں اپنی پارٹی یا وزیر اعلی کے بجائے ان کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔
کھڑگے نے یہاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’ماحول ہمارے حق میں ہے۔ ہم پانچوں ریاستوں میں جیتیں گے۔ ہم 5، وہ 0، آج یہ صورتحال ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر کوئی کوشش کرتا ہے اور وہ بھی کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم کے نام پر ووٹ مانگنے پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’مجھے یہ مضحکہ خیز لگتا ہے کہ وہ (وزیر اعظم) مدھیہ پردیش گئے اور اپنی پارٹی یا وزیر اعلی کا نام لیے بغیر کہا، 'مودی کو ووٹ دیں'۔ انہوں نے اپنی پارٹی یا وزیر اعلی کا نام نہیں لیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعلی کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔‘‘
کانگریس مدھیہ پردیش میں واپسی پر نظریں جمائے ہوئے ہے، جہاں 17 نومبر کو انتخابات ہوں گے، جبکہ وہ چھتیس گڑھ میں (دو مرحلوں میں پولنگ - 7 اور 17 نومبر) اور راجستھان اسمبلی (25 نومبر) میں مسلسل دوسری بار جیتنا چاہتی ہے۔ پارٹی میزورم اور تلنگانہ میں بھی جارحانہ طور پر مہم چلا رہی ہے، جہاں بالترتیب 7 نومبر 30 نومبر کو ہونے والے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی 3 دسمبر کو ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔