راجیو گاندھی پر قابل اعتراض تبصرہ: کانگریس کا مودی پر شدید حملہ
پرینکا گاندھی نے بھی وزیر اعظم پر شہید کی توہین کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیر اعظم نے بے لگام سنکی پن میں ایک نیک اور پاک صفت انسان کی شہادت کی توہین کی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرہ کے پس منظر میں شدید حملہ کیا اور کہا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے اور انہیں کوئی بچا نہیں پائے گا۔
راہل گاندھی نے اتوار کو ٹوئٹ کیا کہ ان کے والد پر حملہ کرنا بھی مودی کو بچا نہیں پائے گا، انہوں نے کہا ’’مودی جی، جنگ ختم ہو چکی ہے، آپ كے اعمال آپ کا انتظار کر رہے ہیں، اپنی ذہنی سوچ کو میرے والد پر تھوپنا بھی آپ کو بچا نہیں پائے گا۔ پیار و خلوص کےساتھ - راہل‘‘۔
کانگریس کی سینئر جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی وزیر اعظم پر شہید کی توہین کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ وزیر اعظم نے بے لگام سنکی پن میں ایک نیک اور پاک صفت انسان کی شہادت کی توہین کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگ كر ان کی شہادت کو نیچا دکھانے والے وزیر اعظم نے کل اپنی بے لگام سنکی پن میں ایک نیک اور پاک صفت انسان کی شہادت کو رسوا کیا۔ امیٹھی کے عوام اس کا جواب ضرور دیں گے جن کے لئے راجیو گاندھی نے اپنی جان دی۔ جی ہاں مودی جی، یہ ملک ’دھوكے بازی کو کبھی معاف نہیں کرتا‘‘۔
نریندر مودی ہفتہ کو ایک انتخابی ریلی میں بوفورس گھوٹالے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے راجیو گاندھی کا بغیر نام لئے حملہ کیا تھا۔ مودی نے کہا تھا ’’آپ کے (راہل گاندھی) والد صاحب کو آپ کے راج درباریوں نے طمطراق کے ساتھ کلین بنا دیا تھا لیکن دیکھتے ہی دیکھتے بدعنوان نمبر ون کے طور پر ان کی زندگی ختم ہو گئی۔ نامدار یہ تکبر آپ کو کھا جائے گا۔ یہ ملک غلطیاں معاف کرتا ہے، مگر دھوکے بازی کو کبھی معاف نہیں کرتا‘‘۔
کانگریس کے دیگر رہنماؤں نے بھی راجیو گاندھی پر تبصرہ کرنے کے لئے مودی کی تیکھی تنقید کی ہے۔ پارٹی کے میڈیا انچارج رنديپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹ کیا ’’مودی جی، راجیو گاندھی جی بھارت ماں کے لئے اپنی جان نچھاور کرنے والے ملک کے شہید تھے۔ ایک شہید کے بارے میں بھدی گالی گلوچ کرنا آپ کے شرمناک کردار اور نفرت انگیز ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔ اس بد زبانی اور جرم کی سزا ملک ضرور دے گا‘‘۔ انهوں نے مزید کہا ’’چوروں کے چوکیدار، مودی جی، یاد کریں- کانگریس کو بدنام کرنا آپ کا دہائیوں پرانا دھندہ ہے۔ راجیو جی کے خلاف ان سازشی الزامات کو دہلی ہائی کورٹ اور نومبر 2018 میں سپریم کورٹ نے سرے سے خارج کر دیا۔ شرم کیجیے!‘‘
پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم نے کہا کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے سلسلہ میں وزیر اعظم کے بیان سے صاف ہوتا ہے کہ وہ سامنے نظر آرہی شکست سے کس قدر مایوس اور ڈرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’مردہ شخص کے لئے کبھی برا نہ بولیں، کیا وزیر اعظم نے یہ قدیم کہاوت سنی ہے؟ کیا کوئی بھی مذہب کسی مردہ شخص کی توہین کرنے کی اجازت دیتا ہے؟‘‘
پارٹی کے سینئر لیڈر آنند شرما نے بھی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی پر پی ایم مودی کا بیان قابل مذمت ہے، اپنی شکست سامنے دیکھ کر پی ایم مودی گھبرا گئے ہیں، پی ایم مودی کو سیاسی خیالات و نظریات کو گھٹیا سطح پر لیجانے کے لئے یاد کیا جائے گا۔
انڈین اوورسیز کانگریس کے سربراہ سیم پترودا نے کہا کہ کل راجیو گاندھی کے بارے میں وزیر اعظم نے جو کہا، اس سے ہم غمزدہ ہیں، عام طور پر ملک کا وزیر اعظم لوگوں کے لئے بولتے ہیں، یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 May 2019, 4:10 PM