مودی حکومت نے نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری کا نام کیا تبدیل، کانگریس کا سخت رد عمل
کانگریس نے جمعہ کو نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری کا نام بدل کر پرائم منسٹرز میوزیم اور سوسائٹی رکھنے کے مرکز کے فیصلے پر تنقید کی۔
نئی دہلی: کانگریس نے جمعہ کو نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری کا نام بدل کر پرائم منسٹرز میوزیم اور سوسائٹی رکھنے کے مرکز کے فیصلے پر تنقید کی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹوئٹر پر کہا ’’مودی نرگسیت اور انتقام کا دوسرا نام ہے۔ 59 سال سے زیادہ عرصے سے نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری (این ایم ایم ایل) ایک عالمی دانشورانہ مقام اور کتابوں اور آرکائیوز کا گھر رہا ہے۔ اب اسے پرائم منسٹرز میوزیم اینڈ سوسائٹی کہا جائے گا۔‘‘
انہوں نے کہا وزیر اعظم مودی ہندوستانی قوم کے معمار کے نام اور وراثت کو بدنام کرنے، نیچا دکھانے اور تباہ کرنے کے لیے کیا کچھ نہیں کر رہے۔ اپنے عدم تحفظ کے بوجھ تلے دب کر ایک چھوٹے قد کا شخص خود ساختہ وشو گرو بن کر گھوم رہا ہے۔ جے رام رمیش نے یہ رد عمل جمعرات کو این ایم ایم ایل سوسائٹی کی ایک خصوصی میٹنگ میں فیصلے کے ایک دن بعد آیا۔ اس میٹنگ کی صدارت وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کی تھی، جو سوسائٹی کے وائس چیئرمین ہیں۔
اس سوسائٹی کی سربراہی وزیر اعظم نریندر مودی کرتے ہیں، اور اس کے 29 اراکین میں مرکزی وزراء امت شاہ، نرملا سیتارامن، دھرمیندر پردھان، جی کشن ریڈی، انوراگ ٹھاکر اور دیگر شامل ہیں۔ میوزیم کا افتتاح گزشتہ سال اپریل میں تین مورتی کمپلیکس میں کیا گیا تھا۔ یہ 1948 سے لے کر 1964 میں ان کے انتقال تک ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی سرکاری رہائش گاہ تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔