بی جے پی کے 11 بڑے وعدے جو پورے نہیں ہوئے تو کانگریس نے پوچھا ’کیا ہوا تیرا وعدہ؟‘
کانگریس نے بی جے پی کے ’سنکلپ پتر‘ پر سوال اٹھائے ہیں۔ کانگریس نے گزشتہ وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جب سال 2014 کے انتخابی منشور پر 125 سوال کھڑے ہوں، تو آج کے ’جھانسہ پتر‘ پر کیسے بھروسہ کریں؟
بی جے پی نے پیر کے روز 2019 لوک سبھا انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کر دیا۔ بی جے پی نے اسے ’سنکلپ پتر‘ کا نام دیا ہے۔ بی جے پی نے اپنے ’سنکلپ پتر‘ میں اس بار عوام سے 75 وعدے کیے ہیں۔ کانگریس نے بی جے پی کے ’سنکلپ پتر‘ پر سوال اٹھائے ہیں اور پچھلے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جب سال 2014 کے انتخابی منشور پر 125 سوال کھڑے ہوں تو آج کے ’جھانسہ پتر‘ پر بھروسہ کیسے کریں؟ اس پر صرف اتنا ہی کہنا ہے کہ ’’پھر ایک بار کیا جھانسہ پتر تیار... ملک کے عوام خارج کر کے اس بار... اور جھولا اٹھا کر ہو جاؤ جانے کو تیار۔‘‘ بی جے پی کا منشور جاری ہونے کے کچھ دیر بعد ہی کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا اور پارٹی لیڈر احمد پٹیل نے پریس کانفرنس کر کے نشانہ سادھا۔ کانگریس نے بی جے پی کو 2014 کے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے پوچھا ہے کہ پانچ سال کی حکومت کے دوران پرانے وعدوں کو پورا کیے بغیر پھر ایک بار نئے وعدے کیسے کیے گئے۔ کانگریس نے بی جے پی کے گزشتہ انتخابی منشور میں کیے گئے ان 11 بڑے وعدوں کو شمار کرایا ہے جسے مودی حکومت پورا نہیں کر سکی۔ سرجے والا نے ان سبھی 11 جھوٹے اعلانات کے بارے میں ایک ایک کر کے جانکاری دی جو اس طرح ہے...
بی جے پی کے 11 وعدے جو پورے نہیں ہوئے:
1. روزگار- سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی نے 2014 میں ہر سال 2 کروڑ روزگار کا وعدہ کیا تھا، یعنی پانچ سال میں 10 کروڑ روزگار۔ لیکن اس کا الٹا ہوا اور 4 کروڑ 70 لاکھ ملازمتیں چلی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ بے روزگاری کی شرح گزشتہ 45 سال میں سب سے زیادہ ہے۔
2. کسانوں کو لاگت کا 50 فیصد منافع کا وعدہ- سرجے والا نے کہا کہ کسان کو لاگت پر 50 فیصد منافع دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن آج پھر کسان کی آمدنی ڈبل کرنے کا وعدہ کر ڈالا۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ زراعت کی موجودہ شرح ترقی 2.9 فیصد ہے اور اس لحاظ سے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے میں 28 سال لگ جائیں گے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ کسان فصل کی قیمت کے لیے آج ٹھوکریں کھا رہا ہے۔
3. کالا دھن- کانگریس ترجمان نے کہا کہ بی جے پی نے 2014 کے انتخابی منشور میں 100 دن کے اندر 80 لاکھ کروڑ کالا دھن واپس لانے کا وعدہ کیا تھا اور ہر باشندہ کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے جمع کرانے کا وعدہ کیا تھا۔ کسی کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے نہیں آئے، الٹا نوٹ بندی کر کے ملک کے عوام کی جیب سے پیسہ نکال لیا گیا۔
4. معاشی قوت بنانے کا وعدہ- انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے ملک کو معاشی طور پر طاقتور بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن مودی حکومت نے ملک کو قرض میں ڈبو دیا۔ سرجے والا نے الزام عائد کیا کہ 2014 میں ملک پر 54 لاکھ 90 ہزار کروڑ کا قرض تھا، جو اب بڑھ کر 82 لاکھ کروڑ ہو گیا ہے۔ سرجے والا نے بتایا کہ مودی حکومت نے 5 سال میں 27 لاکھ 12 ہزار 940 کروڑ کا قرض لیا ہے۔
5. دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کو انصاف دلانے کا وعدہ- بی جے پی نے دلتوں، قبائلیوں اور پسماندہ طبقات کو سماجی انصاف دلانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن الٹا دلتوں کے ریزرویشن پر حملہ کیا اور حکومت کے وسائل سے انھیں دور کر دیا گیا۔
6. بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ- بی جے پی نے بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دیا تھا، لیکن اب حالات یہ آ گئے ہیں کہ بی جے پی سے بیٹی بچاؤ کا نعرہ بن گیا ہے۔ سرجے والا نے بی جے پی پر بیٹیوں پر تشدد کرنے والوں کو سیکورٹی دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ کٹھوعہ، اناؤ، مظفر پور شیلٹر ہوم واقعہ نے ملک کی روح کو شرمسار کر دیا۔
7. پٹرول-ڈیزل سستا کرنے کا وعدہ- پٹرول و ڈیزل سستا کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن جب بی جے پی کو اقتدار ملا تو پٹرول-ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی لگا کر 12 لاکھ کروڑ عوام کی جیب سے پیسہ لوٹ لیا گیا۔
8. 100 اسمارٹ سٹی بنانے کا وعدہ- بی جے پی نے 2014 میں 100 اسمارٹ سٹی بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن گزشتہ 5 سال میں اسمارٹ سٹی پر صرف 7 فیصد پیسہ خرچ ہو پایا ہے۔ اس بار کے بی جے پی کے انتخابی منشور میں اسمارٹ سٹی کا تذکرہ ہی نہیں کیا گیا ہے۔
9.فوج کو مضبوط کرنے کا وعدہ- بی جے پی نے فوج کی مضبوطی کا وعدہ کیا تھا، لیکن فوج اور فوجی دونوں ہی مودی کے ظلم کا شکار بن گئے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، مودی حکومت میں دفاعی بجٹ 57 سالوں میں سب سے کم ہے۔ سرجے والا کے مطابق فوج کے بجٹ اور راشن میں تخفیف کی گئی ہے۔
10. روپے کو مضبوط کرنے کا وعدہ- بی جے پی نے منموہن سنگھ حکومت کی تنقید کرتے ہوئے روپے کو مضبوط کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ بی جے پی نے 1 ڈالر کو 40 روپے کے برابر لانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن آج ہندوستان کا روپیہ ایشیا کی سب سے کمزور کرنسی بن گئی ہے۔ ڈالر تقریباً 70 روپے کے برابر ہے۔
11. گنگا کی صفائی- مودی حکومت نے گنگا کو صفا کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ایسا ہو نہیں سکا۔ نمامی گنگے منصوبہ کے تحت 5 سال میں 80 فیصد پیسہ خرچ ہی نہیں کیا گیا ہے۔ یہاں تک کہ پی ایم مودی کے پارلیمانی حلقہ بنارس میں گنگا ماں اور گندی ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔