کرناٹک: کانگریس کے باغی رکن اسمبلی نے خریدی 11 کروڑ کی کار، کیا بی جے پی سے ملا انعام؟
کرناٹک میں کانگریس سے بغاوت کر بی جے پی کی حکومت بنوانے میں مددگار بنے 14 اراکین اسمبلی میں سے ایک ناگراج نے بے حد مہنگی کار خریدی ہے۔ اب لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ اتنے پیسے آئے کہاں سے!
کرناٹک میں کانگریس کے باغی رکن اسمبلی ایم بی ٹی ناگراج نے ایک انتہائی مہنگی کار خریدی ہے جو اس وقت موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ دراصل کانگریس سے بغاوت کر بی جے پی کو حکومت بنوانے میں مددگار ثابت ہوئے 14 اراکین اسمبلی میں سے ایک ایم بی ٹی ناگراج بھی ہیں۔ اسمبلی اسپیکر کے ذریعہ نااہل قرار دیئے گئے ناگراج نے رولس رائس فینٹم VIII نامی 11 کروڑ روپے کی کار خریدی ہے۔ ٹیکس بھرنے کے بعد اس لگزری کار کی قیمت اور زیادہ ہوگی۔
واضح رہے کہ کانگریس کے 17 اراکین اسمبلی نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد کماراسوامی حکومت اقلیت میں آ گئی تھی اور کماراسوامی کو سی ایم عہدہ سے استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ کماراسوامی کےا ستعفیٰ کے بعد بی جے پی لیڈر یدی یورپا نے ریاست میں اپنی حکومت بنائی تھی۔ اس وقت بی جے پی پر یہ الزام لگا تھا کہ 17 باغی اراکین اسمبلی سے پیسے کی قیمت پر استعفیٰ دلایا گیا ہے۔ انہی اراکین اسمبلی میں ناگراج بھی شامل تھے۔ حالانکہ 17 میں سے 14 باغی اراکین اسمبلی نااہل قرار دئیے جا چکے ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق مانا جا رہا ہے کہ ابھی انھوں نے اپنی کار پر ٹیکس ادا نہیں کیا ہے۔ بہر حال، وہ کرناٹک کے پہلے لیڈر نہیں ہیں جن کے پاس اتنی مہنگی کار ہے۔ کرناٹک میں کانکنی کے لیے مشہور جناردن ریڈی کے پاس بھی ایسی ہی کار ہے۔ حالانکہ ناگراج ملک کے سب سے امیر اراکین اسمبلی میں شامل ہیں، لیکن کانگریس سے بغاوت کرنے کے بعد اور کماراسوامی حکومت گرانے کے بعد اتنی مہنگی کار خریدنے سے کئی سوال ضرور اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ کہا تو یہ بھی جا رہا ہے کہ ناگراج کو بی جے پی کی یدی یورپا حکومت بنوانے میں تعاون دینے کا انعام ملا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Aug 2019, 1:10 PM