15 نومبر کو مرکزی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کے خلاف کانگریس کا احتجاجی مظاہرہ

سنیل جاکھڑ نے کہا کہ مودی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے ملک وسیع کساد بازاری کا شکار ہے اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری عروج پر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

چندی گڑھ: پنجاب کانگریس 15 نومبر کو مرکزی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کے خلاف ریاست کے تمام اضلاع میں احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ اس کا فیصلہ پارٹی کے ریاستی صدر سنیل جاکھڑ کی صدارت میں آج یہاں ہوا، یہ فیصلہ کانگریس کے ضلع صدور کی میٹنگ میں لیا گیا۔

میٹنگ میں گرو نانک دیو جی کے 550 ویں پرکاش اتسو کو يادگاری طریقے سے منانے اور مقامی بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کرنے کے لئے بھی کارکنان کی ڈيوٹياں لگائی گئیں۔ سنیل جاکھڑ نے کہا کہ مودی حکومت کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے ملک وسیع کساد بازاری کا شکار ہے اور صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملنے کی بجائے پہلے سے روزگار میں لگے لوگ روزگار کھو رہے ہیں۔ ملک اقتصادی محاذ پر بدترین دور سے گزر رہا ہے۔ مرکزی حکومت کی انہی ناکامیوں کو سامنے لانے کے لئے پارٹی 15 نومبر کو ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔


انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت جو علاقائی معاشی شرکتداری معاہدہ کرنے جا رہی ہے، اگر یہ معاہدہ ہو گیا تو ملک کے کسانوں اور دودھ پیدا کرنے والوں کی معاشی حالت بالکل تباہ ہو جائے گی۔ اس معاہدے سے بیرون ملک سے سستا اناج اور دودھ مصنوعات کی درآمدات ہو سکے گی۔ اس کا برا اثر ہمارے ملک کے کسانوں پر پڑے گا۔ کسانوں کو پہلے ہی ان کی پیداوار کی پوری قیمت نہیں مل رہی ہے۔ ان کے مطابق مرکز کی بی جے پی قیادت والی مودی حکومت کی تمام پالیسیاں ہی کسان مخالف ہیں۔ یہ معاہدہ کرکے مودی حکومت کسانوں کو بھکاری بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کی مخالفت کرنے اور ملک کے لوگوں کو اس کے بارے میں بیدار کرنے کے لئے ملک گیر مظاہروں کا کام پارٹی کی طرف سے تیار کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔