ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کانگریس کا احتجاج
ملکارجن کھڑگے نے بعد میں یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی حکومت نے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے 10 ہزار کروڑ روپے کمانے کا طریقہ تلاش کیا ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے پٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف بدھ کو پارلیمنٹ سے سڑک تک احتجاج کیا۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے آج صبح پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں گاندھی جی کے مجسمہ کے سامنے احتجاج کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری، کے سریش، طارق انور، گورو گوگوئی، کے سی وینوگوپال سمیت کئی ارکان پارلیمنٹ نے مظاہرے میں حصہ لیا۔
کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے بعد میں یہ معاملہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اٹھایا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کا کام متاثر ہوا۔ راجیہ سبھا میں وقفہ صفر اور لوک سبھا میں وقفہ سوالات کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ہنگامے کی وجہ سے متاثر رہا۔
ملکارجن کھڑگے نے بعد میں یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی حکومت نے پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے 10 ہزار کروڑ روپے کمانے کا طریقہ تلاش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس معاملے کو ایوان میں اٹھا رہی ہے لیکن حکومت ان کی بات نہیں سن رہی ہے۔
کانگریس کے مواصلات کے شعبہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے اسے بڑے پیمانے پر لوٹ کی یوجنا قرار دیا اور کہا کہ ’’جن لوٹ یوجنا‘‘ جاری ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 80 پیسے کا اضافہ، دو روز میں عوام کو 1.60 روپے فی لیٹر کی ’’چپت‘‘ لگی۔ گندم کی کٹائی میں کسان کو لوٹنے کا یہی موقع ہے۔ متوسط طبقے کے نوکری پیشہ کو روزانہ لوٹنا اب حکومت کا ’’دھرم‘‘ ہے۔ مخالفت ہوئی تو ’’فلم‘‘ دکھا دیں گے، مذہب اور ذات کے پیچھے چھپا دیں گے۔
اس دوران یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے بھی یہاں شاستری بھون کے قریب پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کیا اور حکومت مخالف نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین نے ایل پی جی سلنڈر لے کر اپنے احتجاج کا اظہار کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔