پارلیمنٹ میں پیاز پر کانگریس کا ہنگامہ، چدمبرم بھی مظاہرہ میں ہوئے شریک

تین ماہ سے زیادہ جیل میں رہنے کے بعد سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم آج پارلیمنٹ پہنچے اور پیاز پر کانگریس کے مظاہرہ میں شریک ہوئے۔

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم
user

قومی آواز بیورو

سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو 4 دسمبر کو سپریم کورٹ سے ضمانت ملی تھی اور ضمانت ملنے کے بعد بدھ کو وہ سب سے پہلے کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی سے ملنے ان کی رہائش پر گئے، اور آج صبح وہ پارلیمنٹ پہنچے۔ پارلیمنٹ پہنچنے کے بعد انہوں نے پیاز کی بڑھی ہوئی قیمتوں پر کانگریس کے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔


واضح رہے کہ پورے ملک میں پیاز کی بڑھی قیمتوں کو لے کر ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ راجدھانی دہلی میں پیاز 120 روپے فی کلو بک رہی ہے اور اس کو لے کر لوگوں میں زبردست غصہ نظر آ رہا ہے۔ اس غصہ میں تیل ڈالنے کا کام کل مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے بیان نے کیا جب انھوں نے پارلیمنٹ کے اندر کہا کہ وہ لہسن-پیاز نہیں کھاتی ہیں اور وہ ایسے گھرانے سے آتی ہیں جہاں پیاز نہیں کھائی جاتی۔ وزیر خزانہ، جن سے امید کی جا رہی تھی کہ وہ پیاز کی بڑھی ہوئی قیمتوں کی وجہ بتائیں گی اور قیمتوں پر قابو پانے کے لئےحکومت کے اقدام کا ذکر کریں گی، ان کے اس غیر ذمہ دارانہ بیان سے عوام میں زبردست ناراضگی ہے۔ ملک کے کئی حصوں میں پیاز کی قیمتیں 180 روپے کلو تک بتائی جا رہی ہیں۔


سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم، جنہوں نے پارلیمنٹ میں پیاز کی قیمت سے متعلق مظاہرہ میں شرکت کی، ان کو بدھ کے روز سپریم کورٹ سے 106 دن بعد ضمانت ملی ہے۔ پی چدمبرم نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس حکومت کے دور میں معیشت خراب ہو گئی ہے اور مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔اس حکومت کو اب چلا جانا چاہئے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔