سینئر کانگریس لیڈر شنکرنارائنن کے انتقال پر سونیا گاندھی کا اظہارِ غم

کے. شنکرنارائنن کا 89 سال کی عمر میں اتوار کو پلکڑ میں ان کی رہائش پر انتقال ہو گیا، انھوں نے اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران کئی ریاستوں کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سینئر کانگریس لیڈر اور سابق گورنر کے شنکرنارائنن کے انتقال پر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا کہ یو ڈی ایف کنوینر اور کئی ریاستوں کے گورنر کی شکل میں اور کیرالہ کے لیے ان کی خدمات کے لیے انھیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ ان کا انتقال پورے ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ کے. شنکرنارائنن کا جسد خاکی ان کی رہائش اور کانگریس پارٹی دفتر میں کچھ وقت کے لیے رکھا جائے گا تاکہ عوام انھیں خراج عقیدت پیش کر سکیں۔ آج شام 5.30 بجے ان کی آخری رسومات ادا ہوں گی۔

واضح رہے کہ کیرالہ میں کانگریس کے سینئر لیڈر شنکرنارائنن کا 89 سال کی عمر میں اتوار کو پلکڑ واقع ان کی رہائش پر انتقال ہو گیا۔ انھوں نے دہائیوں پر مشتمل طویل سیاسی سفر کے دوران کئی ریاستوں کے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وہ کئی بیماریوں میں مبتلا تھے اور ان کا علاج چل رہا تھا۔


شنکرنارائنن نے مہاراشٹر، ناگالینڈ اور جھارکھنڈ کے گورنر کی شکل میں کام کیا تھا۔ انھوں نے گورنر کی شکل میں اروناچل پردیش، آسام اور گوا کا اضافی چارج بھی سنبھالا تھا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر شنکرنارائنن چار بار رکن اسمبلی بھی رہ چکے تھے۔ وہ کیرالہ کی حکومت میں وزیر مالیات، پروڈکٹ ٹیکس اور محکمہ زراعت کے وزیر کے عہدہ پر رہ چکے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔