دہلی تشدد: امن کی اپیل کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا ’فرقہ پرست طاقتوں کا منصوبہ ناکام بنائیں‘

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے عوام سے فرقہ وارانہ خیر سگالی برقرار رکھنے اور ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والی فرقہ پرست طاقتوں کے غلط منصوبوں کو ناکام بنانے کی اپیل کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے دہلی کی عوام سے فرقہ وارانہ خیر سگالی بنائے رکھنے اور ملک کو مذہب اور ذات-پات کی بنیاد پر تقسیم کرنے والی فرقہ پرست طاقتوں کے غلط منصوبوں کو ناکام کرنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے ایک بیان میں دہلی تشدد میں ہلاک ہیڈ کانسٹیبل رتن لال کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ رتن لال کے غمزدہ اہل خانہ کے لیے سونیا گاندھی نے اپنی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔ انھوں نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی گزارش کی اور کہا کہ مہاتما گاندھی جی کے بھارت میں کسی بھی طرح کے تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو سکتی اور ملک میں ان طاقتوں کی کوئی جگہ نہیں جو اپنی فرقہ واریت اور تخریب کاری نظریہ کو ہندوستان پر تھوپنا چاہتے ہیں۔


دوسری طرف کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی تشدد کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے پیر کے روز کہا کہ ’’ملک کی راجدھانی دہلی میں آج پورا دن تشدد سے بھرا رہا۔ تشدد سے صرف اور صرف عام لوگ اور ملک کا نقصان ہوتا ہے۔ اسے روکنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ مہاتما گاندھی کا ملک امن کا ملک ہے۔ سبھی دہلی کے باشندوں سے میں امن کی اپیل کرتی ہوں اور کانگریس کارکنان سے گزارش کرتی ہوں کہ وہ امن و امان بنائے رکھنے کے لیے کوشش کریں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔