خواتین کے لئے مخصوص پولیس تھانہ کانگریس کے منشور میں شامل ہوگا: راہل گاندھی

کانگریس صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کا پارلیمنٹ میں وزیراعظم سے کانگریس نے وعدہ کیا لیکن وزیراعظم نے خواتین ریزرویشن بل کو پس پشت ڈال دیا ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: صدرکانگریس راہل گاندھی نے واضح کیا ہے کہ مرکز میں کانگریس کے برسراقتدارآنے پر آندھرا پردیش کو خصوصی درجہ دیا جائے گا اور ریاست کے پسماندہ اضلاع کی ترقی کے لئے مرکز سے تعاون بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے کرنول ضلع کے بائی ریڈی فنکشن ہال میں طلبا سے تبادلہ خیال کے دوران کہا کہ ان کی پارٹی کے برسراقتدارآنے پر ڈیزل اور پٹرول کو جی ایس ٹی کے تحت لایاجائے گا اور جی ایس ٹی کے ڈھانچہ میں بھی تبدیلی کی جائے گی۔ اس وقت عوام جی ایس ٹی میں 15 اقسام کے ٹیکس ادا کر رہے ہیں تاہم کانگریس کے برسراقتدار آنے کے بعد حقیقی جی ایس ٹی نافذ کیا جائے گا۔

کانگریس صدر نے کہا کہ کانگریس کے برسراقتدارآنے کے بعد ملک میں لڑکیوں اور خواتین کی سلامتی پرتوجہ دی جائے گی اور ان کے لئے علحدہ ویمنس پولیس اسٹیشنس قائم کئے جائیں گے جہاں پر خاتون پولیس افسرہوں گی۔

اس پولیس اسٹیشن میں جاکر بغیر کسی مشکل کے متاثرہ خواتین اپنی شکایات خاتون افسروں سے کر سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مردوں کے رویہ میں تبدیلی کی ضرورت ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ خواتین ان کے مساوی نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کے لئے مخصوص پولیس اسٹیشنس کا وعدہ کانگریس کے منشور میں شامل ہوگا۔ خواتین کو سیاست میں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ خواتین کو سیاست میں آتے ہوئے سیاست کی نوعیت کو بدلنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین ریزرویشن بل کی حمایت کا پارلیمنٹ میں وزیراعظم سے کانگریس نے وعدہ کیا تاہم وزیراعظم نے خواتین ریزرویشن بل کو پس پشت ڈال دیا۔

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ یو پی میں بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے خاتون کی عصمت دری کے واقعہ پر وزیراعظم نریندر مودی نے خاموشی اختیار کی تھی۔

وزیراعظم کو اس واقعہ کی مذمت کرنی چاہئے تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک کے بینکس میں رقومات چھوٹے تاجرین کیلئے نہیں ہیں بلکہ ملک کے دس تا 15سرکردہ تاجرین کیلئے یہ رقومات ہیں ۔یہ رقومات کانگریس عوام اور چھوٹے تاجروں کو دے گی۔

صدر کانگریس نے رافیل کامعاملہ بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ اپنے دوست انل امبانی کی کمپنی کو فائدہ پہنچانے کے لئے ہی وزیراعظم نے ہندوستان ایروناٹیکلس لمیٹیڈ کمپنی جس کو طیاروں کی تیاری کا 70سالہ تجربہ ہے ،کے بجائے انل امبانی کی کمپنی کو رافیل طیاروں کی تیاری کا کنٹریکٹ دیا ۔انل امبانی کی کمپنی کو طیاروں کی تیاری کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ امیت شاہ کے فرزند کی کمپنی جو صرف 50,000روپئے کی کمپنی تھی کو تین ماہ میں 50ہزار 80کروڑ کی کمپنی میں بدل دیاگیا ۔خود کو چوکیدار کہنے والے وزیراعظم نے اس پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔