کرناٹک مشن: مودی جھوٹے خواب دکھاتے ہیں: راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کرناٹک کے بلاری سے انتخابی مہم کی شروعات کی۔ انہوں نے رافیل ڈیل کو لے کر پھر پی ایم مودی پر نشانہ لگایا اور کہا کہ پیرس جاکر مودی جی نے رافیل ڈیل کو تبدیل کردیا۔
بنگلورو: کانگریس صدر راہل گاندھی نے کرناٹک کے بلاری سے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے رافیل معاہدہ کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندرمودی پر نشانہ لگاتے ہوئےکہا کہ پیرس جاکر مودی جی نے رافیل ڈیل کو تبدیل کر دیا۔
کانگریس صدر راہل گاندھی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کرناٹک پہنچ گئے ہیں۔ بلاری میں کانگریس رہنماؤں اور کارکنان نے ان کا پر زور استقبال کیا۔ بلار ی میں راہل گاندی نے ’جن آشیرواد یاترا‘ کا آغاز کیا ہے۔
جن آشیرواد یاترا کا آغاز کرنے کے بعد کانگریس صدر نے عوامی اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے ایک بار پھر رافیل ڈیل کے حوالہ سے مودی حکومت پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا ’’ مودی حکومت نے فرانس سے رافیل سودہ کیا۔ مودی جی پیرس گئے اور انہوں نے خود اس معاہدے کو تبدیل کر دیا۔ رافیل کو لے کر پہلے ہندوستان ایئروناٹیکل (ایچ اے ایل) لمیٹڈ کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا۔ لیکن وزیر اعظم مودی نے ایچ اے ایل لمیٹڈ سے اس سودے کو ختم کر کے اپنے دوست کو دے دیا۔
راہل گاندھی نے عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی بے روزگاری اور کسانوں کی پریشانیوں کے مدے کو عوام کے سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا ’’ نریندر مودی مستقبل کی بات نہیں کرتے۔ پارلیمنٹ میں دئیے گئے ایک گھنٹے کی لمبی تقریر میں انہوں نے نوجوانوں کو روزگار دینے اور کسانوں کو امداد دینے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔‘‘
راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ’’ جو آپ سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں، جھوٹے خواب دکھاتے ہیں ، ان پر بھروسہ کرنے کاکوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔‘‘ راہل نے کہا کہ کانگریس جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔ نریندر مودی جی کے الفاظ کھوکھلے ہیں اور وہ جو کہتے ہیں اسے وہ کرتے نہیں ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدا رمیا اور کانگریس کے سینئر رہنما ملک ارجن کھڑگے سمیت کانگریس کے کئی بڑے رہنما اور ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔ عوامی ریلی سے خطاب کرنے کو بعد راہل گاندھی ہلیگیما مندر میں پوجا کے لئے گئے۔ 12 فروری کو راہل گاندھی گلبرگہ واقع حضرت خواجہ بندہ نواز کی درگاہ پر زیارت کے لئے جائیں گے۔ 13 فروری کو دہلی لوٹنے سے قبل وہ بیدر کے ’انوبھو منٹپ‘ کے بھی درشن کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Feb 2018, 7:24 PM