راہل کو ملا ’پاور‘، کانگریس مجلس عاملہ کی تشکیل جلد
کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کی پیش کردہ تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کیے جانے کے بعد اب جلد ہی راہل گاندھی مجلس عاملہ کے ارکان کے نام پر مہر ثبت کریں گے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے آج پارٹی کے 84ویں پلینری اجلاس کے دوران قومی صدر راہل گاندھی کو کانگریس مجلس عاملہ (سی ڈبلیو سی) کی تشکیل کا اختیار دینے سے متعلق تجویز پیش کی جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ پی سی سی نمائندگان اور اے آئی سی سی کے ارکان کی موجودگی میں یہ اختیار راہل گاندھی کو سونپا گیا جس کے بعد یہ صاف ہو گیا ہے کہ اب کوئی انتخاب نہیں ہوگا اور کانگریس مجلس عاملہ کے رکن کا نام کانگریس صدر خود طے کریں گے۔
مکمل اختیار راہل گاندھی کو دینے سے متعلق تجویز پیش کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ ’’کانگریس کی تاریخ میں پارٹی مجلس عاملہ کا انتخاب تقریباً درجن بھر بار ہی ہوا ہے اور زیادہ تر مواقع پر کانگریس صدر کو ہی مجلس عاملہ کی تشکیل کی ذمہ داری سونپی گئی۔ اس بار یہ ذمہ داری اتفاق رائے سے راہل گاندھی کو دی گئی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ کانگریس کی مجلس عاملہ میں کانگریس کے صدر سمیت کل 25 ممبران ہوتے ہیں جن میں 12 کو نامزد کیا جاتا ہے اور 12 کے لئے چناؤ ہوتا ہے۔تمام اے آئی سی سی کے ممبران کی موجودگی میں ممبران کو منتخب کرنے کا اختیار راہل کو سونپ دیے جانے کے بعد اب 12 ممبران کا چناؤ بھی نہیں ہوگا۔ سبھی 24 ممبران کے ناموں کا اعلان راہل گاندھی خود کریں گے۔
واضح رہے کہ پارٹی سے متعلق سبھی اہم اور بڑے فیصلے کانگریس مجلس عاملہ کے ذریعہ ہی لیے جاتے ہیں۔ اس لیے انتہائی اہم اور سنجیدہ لیڈروں کو ہی اس میں شامل کیا جاتا ہے۔ مجلس عاملہ کے انتخاب سے متعلق مکمل اختیار راہل گاندھی کے سپر دکیے جانے کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ بہت جلد ہی اس کے ممبران کے ناموں کا اعلان بھی کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 18 Mar 2018, 3:18 PM