گندگی اور ڈینگو سے بدحال کانپور میں کانگریس نے نکالا پیدل مارچ

کانگریس یو پی صدر اجے کمار للونے کہا کہ ’’ضلع میں ڈینگو کا قہر ہے۔ اس کے باوجود ریاستی حکومت بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ روزانہ اس مہلک بیماری کی زد میں آکر 4 سے 5 افراد مر رہے ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانپور: گندگی اور جان لیوا بیماری ڈینگو سے بدحال کانپور کے باشندوں کے ساتھ اظہارہمدردی کے تحت پیر کو کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو کی قیادت میں سینکٹروں کی تعداد میں کانگریسیوں نے پیدل مارچ نکال کر اترپردیش کی یوگی حکومت کی جم کر تنقید کی۔

اجے کمار للونے کہا کہ ضلع میں ڈینگو کا قہر ہے باوجود اس کے ریاستی حکومت بالکل بھی اس معاملے میں بالکل بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ روزانہ اس مہلک بیماری کی زد میں آکر چار سے پانچ افراد کی موتیں ہورہی ہیں اسپتالوں میں بیڈ بھرے ہوئے ہیں۔ اس کے بعد بھی حکومت اعدادوشمار میں درج ان اموات کو قبول نہیں کررہی ہے اور نہ ہی من مانے طریقے سے مریضوں سے پیسہ وصول رہے پرائیویٹ اسپتالوں کے خلاف کوئی کارروائی کی جارہی ہے۔


انہوں نے کہا اگر حکومت نے اس ضمن میں دھیان نہیں دیا تو کانگریس اپنی تحریک تیز کرنے پر مجبور ہوگی۔ حکومت نے بھلے ہی کانپور کو اسمارٹ سٹی ہونے کا اعلان کردیا ہے لیکن کانپور کی سڑکوں پر کوڑوں کا انبار لگا ہوا ہے جس کی وجہ سے افراد کو سانس لینے میں دقت ہورہی ہے۔ کانپور میں آلودگی کے حوالے سےکئی بار این جی ٹی بھی کئی بار انتباہ دے جاچکا ہے لیکن حکومت آنکھ بند کر کے بیٹھی ہوئی ہے۔

اس سے قبل کانگریس ریاستی صدر اجے کمار للو نے کارکنوں کے ساتھ تلک ہال سے کمشنر دفتر تک پیدل مارچ نکالا اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔