کانگریس اپنا ہاتھ عام آدمی پارٹی کو دینے کے حق میں نہیں

اب لگ بھگ یہ طے ہو گیا ہے کہ دہلی میں لوک سبھا انتخابات سہ رخی ہوں گے کیونکہ کانگریس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ عآپ کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کر رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز تجزیہ

دہلی کے عوام کو جس خبر کا سب سے زیادہ بے چینی سے انتظار تھا وہ یہ تھی کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں کیا کانگریس اور عام آدمی پارٹی میں اتحاد ہو گا ؟ دہلی کانگریس کی صدر اور سابق وزیر اعلی شیلا دکشت نے کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد بیان دیا ہے کہ کانگریس دہلی میں کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کر رہی ہے۔ اس کے بعد دہلی کے تعلق ے یہ تصویر صاف ہو گئی ہے کہ آنے والےلوک سبھا انتخابات میں دہلی کی تینوں بڑی پارٹیاں الگ الگ چناؤ لڑیں گی۔

دہلی کے اے آئی سی سی انچارج پی سی چاکو نے دہلی کانگریس کی صدر شیلا دکشت، تینوں ورکنگ پریزیڈنٹس اور دہلی کانگریس کے سابق صدر اجے ماکن کے ساتھ اتحاد کو لے کر تبادلہ خیال کیا اور جب انہیں یہ محسوس ہوا کہ اس پر دہلی کے رہنماؤں میں ایک رائے نہیں بن پا رہی تو انہوں نے پھر دہلی کی قیادت کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی سے تفصیلی تبادلہ خیال کے لئے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کے بعد دہلی کانگریس کی صدر شیلا دکشت نے یہ اعلان کر دیا۔

کانگریس کے سابق صدر اجے ماکن اس اتحاد کے پہلے ہی دن سے خلاف ہیں ، ان کا ماننا ہے کہ دہلی میں کانگریس کی واپسی کے لئے کانگریس کو اکیلے ہی انتخابی میدان میں اترنا ہوگا۔ ادھر عام آدمی پارٹی جو کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کے لئے بے چین تھی اس نے کانگریس پر دباؤ بنانے کے لئے دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں میں سے چھ پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا تھا اور یہ کہا جا رہا تھا کہ ساتویں سیٹ انہوں نے شتروگھن سنہا یا یشونت سنہا کے لئے چھوڑ ی ہے۔اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال یہ بیان دے چکے ہیں کہ کانگریس پارٹی عام آدمی پارٹی سے اتحاد نہیں کر رہی ،جس سے اتحاد کو لے کر ان کی بے چینی صاف نظر آ رہی تھی۔

سال2015 میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی انتخابات میں 67سیٹیں جیت کر ایک تاریخ رقم کی تھی لیکن اس کے بعد سے دہلی میں عام آدمی پارٹی کا ووٹ فیصد کم ہوا ہے ۔ دہلی کے کچھ مقامی چینلس نے جو سروے کیا ہے اس میں بی جے پی کا سب سے زیادہ ووٹ فیصد ہے جو ان کے سروے کے مطابق39فیصد ہے جبکہ کانگریس کا ووٹ فیصد ۳۰ فیصد ہے اور عام آدمی پارٹی کا ووٹ فیصد صرف ۲۰ فیصد ہے ۔عام آدمی پارٹی اسی لئے اتحاد پر زور دے رہی تھی کیونکہ اس کو یہ لگ رہا تھا کہ دہلی میں بر سر اقتدار ہونے کے با وجود وہ لوک سبھا کی کوئی بھی سیٹ نہیں جیت سکتی اور کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے وہ بی جے پی کو آسانی سے شکست دے سکتی ہے۔ادھر ممتا بنرجی اور چندر ابابو نائیڈو کی اب بھی کوشش ہے کہ کسی طرح یہ اتحا دہو جائے ، انہوں نے ایک مرتبہ پھر کانگریس قیادت سے اپیل کی ہے وہ اپنے فیصلہ پر نظر ثانی کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔