کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کا کورونا سے انتقال، پی ایم مودی اور راہل گاندھی کا اظہارِ افسوس
وسنت کمار کی موت کے بعد اسپتال نے بتایا کہ نمونیہ کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت والی یونٹ میں رکھا گیا تھا، لیکن تمام کوششوں کے باوجود کورونا انفیکشن کے سبب ان کی حالت لگاتار بگڑتی چلی گئی۔
تمل ناڈو کے کنیاکماری سے کانگریس رکن پارلیمنٹ ایچ. وسنت کمار کا آج اپولو اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ کورونا انفیکشن کی زد میں تھے اور کچھ دنوں سے اپولو اسپتال میں ہی ان کا علاج چل رہا تھا۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق 2019 میں پہلی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے وسنت کمار کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد گزشتہ 10 اگست کو اپولو اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔
وسنت کمار کی موت کے بعد اسپتال نے بتایا کہ نمونیہ کی وجہ سے انھیں انتہائی نگہداشت والی یونٹ میں رکھا گیا تھا، لیکن تمام کوششوں کے باوجود کورونا انفیکشن کے سبب ان کی حالت لگاتار بگڑتی چلی گئی اور آج وہ انتقال کر گئے۔ وسنت کمار کے انتقال کی خبر کے بعد کئی اہم سیاسی شخصیتوں نے افسوس کا اظہار کیا۔ پی ایم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹ کے ذریعہ وسنت کمار کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ٹوئٹ میں پی ایم مودی نے لکھا کہ "لوک سبھا رکن پارلیمنٹ ایچ. وسنت کمار کے انتقال سے تکلیف ہوئی۔ بزنس اور سماجی خدمت کی کوششوں میں ان کا کردار قابل ذکر تھا۔ ان کے ساتھ بات چیت کےد وران میں نے ہمیشہ تمل ناڈو کی ترقی کے تئیں ان کے جنون کو دیکھا۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں کے تئیں ہمدردی۔"
کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے بھی وسنت کمار کے لیے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام پوسٹ کیا۔ انھوں نے لکھا کہ "کنیاکماری کے رکن پارلیمنٹ وسنت کمار کے کووڈ-19 کے سبب بے وقت انتقال کی خبر سے صدمہ لگا ہے۔ لوگوں کی خدمت کرنے کی کانگریسی نظریہ کے تئیں ان کے عزائم ہمارے دلوں میں ہمیشہ کے لیے زندہ رہیں گے۔ ان کے دوستوں اور اہل خانہ کے اراکین کے تئیں ہمدردی۔"
کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "وسنت کمار کے اچانک انتقال سے ہمیں گہری تکلیف ہوئی ہے۔ ایک کٹر کانگریسی، عوام کا سچا لیڈر اور محب رکن پارلیمنٹ۔ کانگریس پارٹی کے سبھی رکن اور ان کے چاہنے والے انھیں یاد کریں گے۔ تکلیف کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردی ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔