یوم آزادی کی تقریب میں راہل گاندھی کو پانچویں صف میں دی گئی جگہ، کانگریس لیڈروں نے کیا ناراضگی کا اظہار

راجدھانی میں لال قلعہ پر پرچم کشائی کے دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھانے پر کانگریس لیڈران نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی میں لال قلعہ پر پرچم کشائی کے دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھانے پر کانگریس لیڈران نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ ’ایسا جان بوجھ کر کیا گیا ہے، اپوزیشن لیڈر سے حکومت بے چین ہو جاتی ہے، اس لیے انہیں پچھلی صف میں بٹھایا گیا۔‘

پارٹی کی قومی ترجمان سپریا شرینیت نے اس معاملے پر ایک بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’قائد حزب اختلاف کا درجہ کابینہ کے وزیر کے برابر ہے۔ تمام وزرا صف اول میں بیٹھے تھے لیکن راہل گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھایا گیا۔ صرف اتنا ہی نہیں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کو بھی پانچویں صف میں جگہ دی گئی۔‘‘


خیال رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر روایت کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ پر پرچم لہرایا۔ اس دوران قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو پیچھے کی نشست دی گئی۔ جبکہ حکومتی وزرا اور چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ جیسے معززین کو اگلی صف میں جگہ دی گئی، کانگریس پارٹی اسی بات پر ناراض ہے۔

جب تنازعہ کھڑا ہوا تو وزارت دفاع نے کہا کہ اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو اعزاز دینے کے لیے انہیں اگلی صفوں میں جگہ دی گئی تھی، یہی وجہ ہے کہ راہل گاندھی کو پیچھے کی نشست دی گئی۔ تاہم کانگریس نے وزارت دفاع کے اس بیان کو احمقانہ قرار دیا۔

سپریا شرینیت نے کہا، ’’اولمپکس میں تمغہ جیتنے والوں کو عزت دی جانی چاہیے۔ ونیش پھوگاٹ کو بھی یہ دی جانی چاہیے لیکن کیا وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اور وزیر صحت جے پی نڈا ان کا احترام نہیں کرنا چاہتے؟ وہ آگے کیوں بیٹھے ہوئے تھے؟‘‘


کانگریس نے کہا کہ راہل گاندھی کو پیچھے بٹھانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت کو جمہوریت، جمہوری روایات اور قائد حزب اختلاف کا کوئی احترام نہیں ہے۔

دریں اثنا، کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ وویک تنکھا نے کہا، ’’وزارت دفاع اتنا برا سلوک کیوں کر رہی ہے؟ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو پانچویں صف میں بٹھا دیا گیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ کسی بھی مرکزی وزیر سے بڑا ہوتا ہے اور وہ وزیر اعظم کے بعد آتا ہے۔ آپ وزارت دفاع کو کسی قومی تقریب میں سیاست کرنے کی اجازت کیسے دے سکتے ہیں؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔