کانگریس لیڈر چودھری متین احمد اور چودھری زبیر احمد کو پولیس نے کیا نظر بند

چودھری متین احمد نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گاندھی خاندان کی ملک و ملت کے تئیں عظیم قربانیوں کو فراموش کر کے راہل گاندھی جیسے لیڈر کے پیچھے ای ڈی کو لگا دیا ہے۔

تصویر بذریعہ محمد تسلیم
تصویر بذریعہ محمد تسلیم
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: سیلم پور کے سابق رکن اسمبلی چودھری متین احمد اور بابر پور ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری زبیر احمد اپنے حامیوں کے ساتھ ستیاگرہ مارچ میں شامل ہونے کے لیے نکلنے ہی والے تھے کہ جعفرآباد پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او رام سہائے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ متین احمد کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے اور ان کو گھر میں نظر بند (ہاؤس اریسٹ) کر دیا۔ ان کے ساتھ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے ڈیلی گیٹ سید ناصر جاوید، ریاست ساحل، ریاض الدین راجو، اشتیاق شیخ، شاداب حسن، خالد خان، حاجی محمد ہارون، پروین وتس، رئیس سلمانی، مرزا شوقین، ضرار احمد، حاجی نصیر احمد، اشرف، شفیق خان اور محمد اسماعیل بھی موجود تھے۔

اس معاملے میں چودھری متین احمد نے کہا کہ مرکزی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لئے اس طرح کی اوچھی حرکت کر رہی ہے اور گاندھی خاندان کی ملک و ملت کے تئیں عظیم قربانیوں کو فراموش کر کے راہل گاندھی جیسے لیڈر کے پیچھے ای ڈی کو لگا دیا ہے۔ لیکن ہم کانگریس کے سچے سپاہی کسی بھی طرح کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور جب تک حکومت اپنے رویہ میں سدھار نہیں لاتی ہے مظاہرہ کرتے رہیں گے۔


چودھری متین کا کہنا ہے کہ یہ خوف کا ہی عالم ہے کہ برسراقتدار طبقہ پولیس کو آگے کر کے مارچ اور مظاہرہ کرنے سے روک رہا ہے اور ہم جیسوں کو بھی ہاؤس اریسٹ کر دیا گیا ہے، لیکن کب تک کریں گے اور کتنوں کو کریں گے؟ کانگریس کا ایک ایک سپاہی راہل گاندھی کے ساتھ ہے۔

چودھری زبیر احمد نے اس معاملے میں کہا کہ مرکزی حکومت راہل گاندھی کو سازشاً پھنسانا چاہتی ہے لیکن ہم لوگ اس سازش کسی بھی طور پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو جب کچھ نہیں ملتا تو ای ڈی جیسے محکموں کو اپنے مفاد کے لئے استعمال میں لاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔