گوا میں راہل گاندھی کی ماہی گیروں سے ملاقات، بتایا کانگریس اور بی جے پی میں فرق
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے گوا کے ویلساؤ میں ماہی گیر طبقہ کے اراکین سے بات چیت کی، اس دوران انھوں نے کہا کہ ’’ہم گوا کو آلودہ جگہ نہیں بننے دیں گے۔‘‘
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی کارکنان اور لوگوں سے ملنے کے لیے اگلے سال ہونے والے گوا اسمبلی انتخاب سے کچھ مہینے قبل ہفتہ کو گوا پہنچے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ویلساؤ میں ماہی گیروں سے ملاقات بھی کی۔ کانگریس لیڈر نے ماہی گیروں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل کے بارے میں بھی جانا۔ اس دوران انھوں نے کانگریس اور بی جے پی کا فرق بھی ظاہر کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا منشور جھوٹے وعدوں سے نہیں بنتا ہے، بلکہ انتخابی منشور میں جو بھی شامل ہوتا ہے، اس پر عمل کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’ہم گوا کو آلودہ مقام نہیں بننے دیں گے۔ ہم اسے کوئلہ کا ہَب نہیں بننے دیں گے۔ ہم سب کے لیے ماحولیات کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔‘‘
گوا میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہم نے چھتیس گڑھ میں انتخاب لڑا اور کسانوں کا قرض معاف کرنے کا وعدہ کیا اور ہم نے اسے پورا بھی کیا۔ آپ پنجاب، کرناٹک میں بھی جا کر اس کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ ہمارے منشور میں جو کچھ بھی شامل ہوتا ہے، وہ گارنٹی ہے، وعدہ نہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جب یو پی اے حکومت اقتدار میں تھی تو پٹرول کی بین الاقوامی قیمت 140 ڈالر فی بیرل پہنچ گئی تھی۔ آج پٹرول اور ڈیزل کی بین الاقوامی قیمت اس سے کافی کم ہے، لیکن آپ کو پٹرول اور ڈیزل کے لیے بہت زیادہ ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : آرین خان ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے رہا
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔