تلنگانہ انتخابات: دہلی میں کانگریس کی اسکریننگ کمیٹی کا اجلاس
سمجھا جاتا ہے کہ اسکریننگ کمیٹی 57 امیدواروں کی فہرست پہلے ہی دے چکی ہے جب کہ آج منعقدہ اجلاس میں باقی امیدواروں کے تعلق سے غور و خوض کیا گیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کانگریس سنٹرل اسکریننگ کمیٹی کا دہلی میں ایک اور اجلاس منعقد ہوا تاکہ مجوزہ اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی جاسکے۔ اس کمیٹی نے تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اتم کمار ریڈی، محمد علی شبیر اور اے آئی سی سی کے سکریٹریز سے ملاقات کی۔
سمجھا جاتا ہے کہ اسکریننگ کمیٹی 57 امیدواروں کی فہرست پہلے ہی دے چکی ہے جب کہ آج منعقدہ اجلاس میں باقی امیدواروں کے تعلق سے غور و خوض کیا گیا۔ یہ بھی سمجھا جاتا ہے کہ کمیٹی کو باقی امیدواروں کو فائنل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ایک حلقہ کے لیے دو یا اس سے زائد امیدواروں نے ٹکٹ کے حصول کی خواہش ظاہر کی ہے۔
دوسری جانب مختلف امیدوار بھی دہلی روانہ ہوئے ہیں تاکہ یہ جان سکیں کہ آیا ان کے نام پہلے سے تیار کردہ فہرست میں شامل ہیں یا نہیں۔ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا کل صبح ایک اجلاس منعقد ہوگا اور توقع ہے کہ امیدواروں کی قطعی فہرست تیار کی جائے گی۔ اس فہرست کا باقاعدہ اعلان کل شام میں یا 9 نومبر کی صبح متوقع ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔