کشمیر کے ’گپکار اعلامیہ‘ سے کانگریس کا تعلق نہیں، آئے دن جھوٹ بولنا مودی حکومت کی فطرت: سرجے والا

سرجے والا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان کی سرزمین سے چین کو واپس کھدیڑنے اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کے بجائے بیجا بیان بازی کرنا امت شاہ اور مودی حکومت کے وزرا کا مشغلہ بن گیا ہے

کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا / تصویر آئی اے این ایس
کانگریس کے سینئر لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے جموں و کشمیر اور کانگریس کے حوالہ سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئے دن جھوٹ بولنا مودی حکومت کی فطرت بن چکی ہے۔ پارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ شرم کی بات تو یہ ہے کہ ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ قومی سلامتی کی اپنی ذمہ داری کو درکنا کر کے جموں و کشمیر اور لداخ پر سراسر جھوٹ، گمراہ کن اور شرارت سے پُر بیان بازی کر رہے ہیں۔

کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان کی سرزمین سے چین کو واپس کھدیڑنے اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کے بجائے بیجا بیان بازی کرنا امت شاہ اور مودی حکومت کے وزرا کا مشغلہ بن گیا ہے۔ امت شاہ اور دوسرے وزرا کے بیانات کی مذمت کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے حوالہ سے ان کا رویہ ایسا ہی ہے جیسے ’نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی!‘


سرجے والا نے بیان میں یہ واضح کر دیا کہ کانگریس پارٹی کا گپکار الائنز یا پیپلز ایسوسی ایشن فار گپکار ڈیکلیریشن کا حصہ نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی کے لیڈران مہاتما گاندھی، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی قربانی کی یاد دہانی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان عظیم لیڈران کی ملک کے لئے سب کچھ قربان کر دینے کی روایت سبھی کو یاد ہے اور آزادی کے بعد بھی کانگریس کے جتنے لیڈران قربان ہوئے ہمیں ان پر ناز ہے۔

سرجے والا نے امت شاہ سے سوال کیا کہ جس پی ڈی پی پر آج وہ تنقید کر رہے ہیں وہ یہ بتائیں کہ اسی کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر میں بی جے پی نے حکومت تشکیل کیوں دی تھی؟ اس کے علاوہ انہوں نے واجپئی کے دور حکومت میں کئی دہشت گردوں کو رہا کرنے، پٹھان کوٹ حملہ کی جانچ کے لئے آئی ایس آئی کو مدعو کرنے اور داؤد ابراہیم کی بیوی کے ممبئی دورہ کرنے کے بعد لوٹ جانے کے معاملہ پر بھی سوال اٹھائے۔


سرجے والا نے بیان کے آخر میں کہا کہ کانگریس جموں و کشمیر میں جمہوری انتخابات کی حامی ہے اور اسی مقصد سے کانگریس پارٹی ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کا انتخاب لڑ رہی ہے، تاکہ بی جے پی کا عوام مخالف چہرہ جمہوری طریقہ سے بے نقاب کیا جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔