کانگریس نے کالکاجی کو شیوانی چوپڑا کی شکل میں یوتھ امیدوار دیا ہے: کیپٹن امریندر سنگھ

شیوانی چوپڑا کی حمایت میں کیپٹن امریندر سنگھ نے پیر کے روز روڈ شو کیا تھا اور اس انتخابی ریلی میں ان کے ساتھ دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سبھاش چوپڑا بھی موجود تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس اسٹارک پرچارک پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اپنی انتخابی تشہیر کے دوران کالکا جی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار شیوانی چوپڑا کی حمایت میں ان کے ساتھ روڈ شو میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی نے کالکا جی کو ایک یوتھ امیدوار دیا ہے۔ شیوانی چوپڑا نئی نسل کی نوجوان امیدوار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک تعلیم یافتہ، حوصلہ بخش اور مضبوط خاتون ہیں۔ میں کالکا جی کے سبھی ووٹروں، خصوصاً نوجوانوں، خواتین اور بزرگ سے اپیل کرتا ہوں کہ 8 فروری کو ہاتھ کا بٹن دبا کر کانگریس امیدوار کو اپنا ووٹ دیں۔‘‘

کیپٹن امریندر سنگھ نے شیوانی چوپڑا کے حق میں یہ روڈ شو 3 فروری کو کیا تھا اور اس انتخابی ریلی میں ان کے ساتھ دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر سبھاش چوپڑا بھی موجود تھے۔ کیپٹن امریندر نے اپنے خطاب کے دوران لوگوں سے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی کی تاریخ رہی ہے کہ دہلی میں اس نے 15 سال حکومت میں رہ کر ہر طرح سے ترقی کے لیے کام کیے۔ سبھاش چوپڑا نے یہاں رکن اسمبلی رہتے ہوئے کالکا جی میں جو ترقیاتی کام کیے ہیں، وہ سب آپ کے سامنے ہیں، جب کہ گزشتہ 5 سالوں میں جاری منصوبے بھی رک گئے ہیں۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ کیپٹن امریندر اور سبھاش چوپڑا کا یہ روڈ شو شیوانی چوپڑا کے انتخابی دفتر ای-1 کالکاجی دشمیش چوک سے شروع ہو کر ایل بلاک گرودوارہ پہنچا جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ پھر ایم بلاک روی داس مارگ سے ہوتا ہوا یہ روڈ شو مہرشی بالمیکی چوک گلی نمبر 13 پر ختم ہوا۔ روڈ شو کے دوران ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کارکنان سمیت شیوانی چوپڑا کے شیدائی بھی چل رہے تھے۔ عآپ کے رکن اسمبلی سردار اوتار سنگھ کے بیٹے منپریت سنگھ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد روڈ شو میں اپنے حامیوں کے ساتھ پورے زور و شور سے اپنی حمایت دے رہے تھے۔ روڈ شو میں کانگریس سبھی بلاک صدر، سبھی سرکردہ اداروں کے کارکنان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔