’کانگریس حکومت عوام کی مدد کر رہی اور پی ایم مودی روزی-روٹی چھین رہے‘، کھڑگے کا مرکز پر حملہ
تقریب میں پہنچی زبردست بھیڑ سے خوش کانگریس صدر نے چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کی خوب تعریف کی، انھوں نے کہا کہ یہ بھروسے کے اظہار کی تقریب ہے۔
نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو جھوٹوں کا سردار قرار دیا۔ بدھ کے روز چھتیس گڑھ کے رائے گڑھ میں منعقد ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ’’پی ایم مودی ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں۔ کانگریس حکومت لوگوں کی مدد کر رہی ہے اور دوسری طرف وزیر اعظم مودی لوگوں کی روزی روٹی چھین رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’پی ایم مودی کی گارنٹی زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بے روزگار رکھنے، جی ایس ٹی بڑھانے اور عوام کو پریشان کرنے کی ہے۔ چھتیس گڑھ کے مفاد عامہ کے منصوبوں کے لیے پی ایم مودی کو چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کی تعریف کرنی چاہیے، لیکن مودی صرف کانگریس حکومت کو کوستے ہیں۔‘‘
تقریب میں پہنچی زبردست بھیڑ سے خوش کانگریس صدر نے چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کی خوب تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھروسے کے اظہار کی تقریب ہے۔ کانگریس حکومت نے برعکس حالات میں بھی چھتیس گڑھ کی ترقی کے کام کو کبھی نہیں روکا۔ چھتیس گڑھ میں آج ہر طرف ترقی ہو رہی ہے۔ گئو دھن یوجنا سے لوگوں کو مضبوطی ملی ہے۔ چھتیس گڑھ مین پانچ سالوں میں ایک لاکھ 75 ہزار کروڑ روپے ڈائریکٹ بینفٹ کے ذریعہ عوام کو دیے گئے ہیں۔ پانچ سالوں میں 40 لاکھ سے زیادہ لوگ غریبی سے باہر آئے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے لوگوں کی آمدنی 38 فیصد بڑھ گئی ہے۔ راشن کارڈ کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ کانگریس حکومت نے طے کردہ پیمانہ سے بھی زیادہ دھان کی خریداری کی ہے۔ پی ایم مودی کو یہ سب برداشت نہیں ہو رہا ہے۔ وہ چھتیس گڑھ آ کر جل، جنگل، زمین کے بارے میں کوئی بات نہیں کرتے، وہ صرف چھتیس گڑھ حکومت کی برائی کرتے ہیں۔
مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت سے دوسری ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو دھمکیاں ملتی رہتی ہیں۔ حکومت کہتی ہے کہ ہماری بات نہیں سنو گے تو ای ڈی، آئی ٹی، وجلنس کے چھاپے پڑیں گے۔ اگر ان ایجنسیوں سے ہی حکومت چلانی ہے تو پھر ووٹرس کی کیا ضرورت ہوگی، آپ گھر بیٹھیے۔ منی پور میں گزشتہ چھ مہینے سے فسادات ہو رہے ہیں، لیکن پی ایم مودی منی پور نہیں گئے۔ ان کی خاموشی کے سبب منی پور میں تشدد ہو رہا ہے۔ ملک میں حکومت دو لوگ ہی چلاتے ہیں، ایک نریندر مودی اور دوسرے امت شاہ۔ ان کے علاوہ کسی اور کو کچھ بھی پتہ نہیں رہتا کہ کیا ہونے والا ہے۔ مودی جی لوگوں کو دور سے دَرشن دیتے ہیں، ان کے پاس جانا مشکل ہے۔ دوسری طرف راہل گاندھی جی اور کانگریس کے وزرائے اعلیٰ عوام کے پاس جا کر ان سے ملاقات کرتے ہیں۔
پی ایم مودی کو جھوٹوں کا سردار قرار دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ دو کروڑ نوکری کا وعدہ تھا لیکن پورا نہیں ہوا، 15 لاکھ بھی کسی کو نہیں ملا، کسانوں کی آمدنی دوگنی بھی نہیں ہوئی، وزیر اعظم مودی ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں۔ مودی گلی گلی گھوم رہے ہیں، لیکن عوام بی جے پی کو ووٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ظاہر ہے، عوام کانگریس کو پسند کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔