’یو پی کے وزیر اعلیٰ کو سمجھنا چاہیے کہ جو لباس وہ پہنتے ہیں وہ نفرت اور بدلہ کی علامت نہیں‘

پرینکا گاندھی نے یو پی کے وزیر اعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ’یوگی‘ والا لباس پہنتے ہیں جو کہ اُن کا لباس نہیں بلکہ ہندو مذہب کا نشان ہے، اور اس مذہب میں رنج، نفرت و بدلہ کا کوئی جذبہ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں بے قصور لوگوں کے خلاف یوگی حکومت اور پولس کی کارروائی سے مایوس کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ایک پریس کانفرنس کی جس میں اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حوالے سے کئی باتیں بھی کہیں۔ وزیر اعلیٰ کے تعلق سے انھوں نے ایک بہت ہی اہم بات میڈیا کے سامنے یہ کہی کہ ’’یو پی کے وزیر اعلیٰ نے ’یوگی‘ کا لباس پہنا ہے۔ یہ آپ (یوگی) کا لباس نہیں ہے، یہ لباس مذہبی او ر روحانی روایت سے جڑا ہوا ہے۔ یہ ہندو مذہب کا نشان ہے۔ اگر یہ لباس آپ نے پہنا ہے تو سمجھنا چاہیے کہ اس (ہندو) مذہب میں رنج، نفرت اور بدلہ کا کوئی جذبہ نہیں ہے۔‘‘

دراصل پرینکا گاندھی نے یوگی آدتیہ ناتھ کے حوالے سے یہ بات اس لیے کہی کیونکہ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے بدلہ لینے جیسے الفاظ کا استعمال کیا تھا۔ میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ’’جب ایک ریاست کا وزیر اعلیٰ پرامن مظاہرین کے خلاف ’بدلہ لینے‘ جیسے لفظوں کا استعمال کرتا ہے تو پھر ایسی حکومت سے کیا امید کی جا سکتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے جو بیان دیا ہے اس بیان پر پولس قائم ہے اور عوام پر ظلم کر رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس ملک کی تاریخ میں شاید پہلی بار ہوا ہے جب کسی وزیر اعلیٰ نے ایسا بیان دیا ہے کہ عوام سے بدلہ لیا جائے گا۔‘‘


اس پریس کانفرنس میں پرینکا گاندھی سے ان کی سیکورٹی کو لے کر کئی بار سوال کیے گئے جسے انھوں نے نظر انداز کرنے کی کوشش کی۔ لیکن بار بار اس تعلق سے سوال کیے جانے پر انھوں نے کہا کہ ’’میں اس ایشو کو نہیں اٹھانا چاہتی، آپ اٹھانا چاہتے ہیں تو اٹھائیے۔ مجھے لگتا ہے کہ میری سیکورٹی کا سوال بہت چھوٹا ہے جسے طول نہیں دیا جانا چاہیے، بڑا سوال عام لوگوں کی سیکورٹی کا ہے اور ہمیں اس پر غور کرنا چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ پرینکا گاندھی پیر کی صبح پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو کی قیادت میں گورنر آنندی بین پٹیل کو ایک میمورینڈم سونپنے گئی تھیں۔ کانگریس کے اس وفد میں کانگریس کے کئی دیگر سینئر لیڈران بھی موجود تھے۔ گورنر کو بھیجے گئے میمورنڈم میں احتجاج کے دوران پولس کارروائی کی اعلی سطحی عدالتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا گیا ہے کہ پولس کی اس سفاکانہ کاروائی کے لئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ذمہ دار ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔