کانگریس کے یوم تاسیس پر سونیا گاندھی کا خصوصی ویڈیو پیغام، راہل نے ’سچ کا ساتھ‘ دینے کا ظاہر کیا عزم
ہندوستان کی سب سے پرانی پارٹی کانگریس اپنا 136واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ کانگریس پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا کہ ’’آج ہم سچائی کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔‘‘
ہندوستان کی سب سے قدیم پارٹی کانگریس آج اپنا 136واں یوم تاسیس منا رہی ہے۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر اے کے انٹونی نے پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پرچم لہرایا۔ قابل ذکر ہے کہ اے کے انٹونی آج اپنا 81 واں یوم پیدائش بھی منا رہے ہیں۔
کانگریس کے یوم تاسیس کے پیش نظر کانگریس صدر سونیا گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’سبھی پیارے کانگریس کارکنان کو کانگریس کا یوم تاسیس کی مبارکباد۔ آزادی کی لڑائی سے لے کر اب تک اس سفر میں کانگریس نے حب الوطنی، بے خوفی، بلامفاد عوامی خدمت، بھائی چارہ، اتحاد اور سالمیت جیسے اقدار کے لیے ہی جدوجہد کیا۔‘‘
اپنے ویڈیو پیغام میں سونیا گاندھی نے کارکنان کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’عوام کے حقوق کچلے جا رہے ہیں۔ چاروں جانب تاناشاہی کا عالم ہے۔ جمہوری اور آئینی اداروں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ بے روزگاری عروج پر ہے۔ کھیت کھلیانوں پر حملہ کیا جا رہا ہے اور ملک کے اَن داتا پر سیاہ قوانین تھوپے جا رہے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھیں : کورونا وائرس کی نئی قسم دنیا کے دوسرے ممالک میں پھیلنا شروع
دوسری طرف کانگریس پارٹی کے یوم تاسیس پر پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ آج ہم سچائی اور برابری کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ملک کے مفاد کی آواز اٹھانے کے لیے کانگریس شروع سے ہی پرعزم رہی ہے۔ آج کانگریس کے یوم تاسیس پر ہم سچائی اور برابری کے اپنے اس عزم کو دہراتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔