کانگریس دہلی کی سبھی 7 لوک سبھا سیٹوں پر انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے پرعزم: سبھاش چوپڑا

سبھاش چوپڑا نے کہا کہ مشترکہ تشہیری کمیٹی ضلع سطح سے لے کر ذیلی سطح تک کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں کام کرے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس لیڈران کی میٹنگ</p></div>

دہلی کانگریس لیڈران کی میٹنگ

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی میں لوک سبھا انتخاب کے لیے الیکشن مینجمنٹ کمیٹی اور کوآرڈنیشن کمیٹی کے چیف سبھاش چوپڑا اور دہلی انچارج کانگریس جنرل سکریٹری دیپک بابریا نے ساتوں لوک سبھا سیٹوں کے لیے تشکیل لوک سبھا الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے سبھی صدور اور ضلع الیکشن مینجمنٹ کمیٹیوں کے صدور، کنوینرس کی ایک میٹنگ سے خطاب کیا۔ کانگریس پارٹی نے چاندنی چوک، شمال مغربی دہلی اور شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں، جبکہ دیگر چار لوک سبھا سیٹوں پر انڈیا اتحاد میں شامل عآپ نے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

الیکشن مینجمنٹ کمیٹی چیئرمین سبھاش چوپڑا نے اس موقع پر کہا کہ دہلی کی ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر مشترکہ تشہیری کمیٹی بنائی گئی ہے جو ضلع سطح سے لے کر ذیلی سطح تک کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کی حمایت میں کام کرے گی۔ انڈیا اتحاد کے تحت عآپ کے ساتھ کوآرڈنیشن کمیٹی قائم کر کے دونوں پارٹیوں کے کارکنان ساتوں لوک سبھا سیٹوں پر کام کریں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سبھی سینئر لیڈران و کارکنان متحد ہو کر اپنے اپنے علاقے کے لوک سبھا امیدواروں کے لیے انتخابی تشہیر کریں اور انھیں فتحیاب کرنے کے لیے محنت کریں۔


سبھاش چوپڑا کا کہنا ہے کہ جس طرح سے ہمارے لیڈر راہل گاندھی عام لوگوں، محروموں، غریبوں سمیت ملک کی 95 فیصد عوام کے حقوق کی لڑائی لڑ رہے ہیں، اسی طرح ہر کانگریس لیڈر و کارکن کو لڑائی لڑنی ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کو شکست دینے کے لیے ہمیں ایک ہو کر لڑنا ہوگا اور کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔ گزشتہ دس سالوں میں بی جے پی نے نہ صرف غریبوں، متوسط طبقہ، کاروباریوں، چھوٹے دکانداروں، خواتین، نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزی کی، بلکہ ملک میں ریکارڈ توڑ بے روزگاری اور تاریخی مہنگائی سے عوام کو بے حال کر دیا۔

اس موقع پر دیپک بابریا نے کہا کہ کانگریس کارکنان کو کانگریس اور انڈیا اتحاد کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے بوتھ سطح پر جا کر کام کرنا ہوگا۔ اس بار عوام میں کانگریس اور انڈیا اتحاد کو لے کر جوش ہے اور بی جے پی کو شکست دینے کے لیے پُرجوش عوام کو پولنگ بوتھ تک لے کر جانا ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اقتدار میں بنے رہنے کے لیے لوگوں کے حقوق، آئین اور جمہوریت کو اپنی تاناشاہی حکومت سے کمزور کر ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن کانگریس صدر کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی سڑک سے پارلیمنٹ تک عوامی مفادات و عوامی حقوق کی حفاظت کے لیے لڑائی لڑ رہے ہیں۔ عوامی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہم سبھی پرعزم ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔