مودی حکومت کے ذریعہ 6 ربیع فصلوں پر ایم ایس پی میں اضافہ کو کانگریس نے ٹھہرایا ’ٹھگنے والا عمل‘
رندیپ سرجے والا اپنے ٹوئٹ میں لکھتے ہیں ’’بھاجپائی شکونی چوسر نے کسان کا جینا محال کر دیا۔ نہ کوسٹ+50 فیصد، نہ مناسب قیمت، نہ موافق خریدی اور نہ ایم ایس پی کے قانون کو انجام دے رہی۔‘‘
مرکز کی مودی حکومت نے 6 ربیع فصلوں کی ایم ایس پی میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ اس فیصلے کو کانگریس نے کسانوں کو ’ٹھگنے والا عمل‘ قرار دیا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے 6 ٹوئٹس کی ایک سیریز میں کہا ہے کہ ’’مودی حکومت نے ربیع فصلوں کی ایم ایس پی کا اعلان کر اپنی پیٹھ تھپتھپا لی، لیکن کسان کو ٹھگ کر پھر خون کے آنسو بہانے کے لیے چھوڑ دیا۔‘‘ ساتھ ہی سرجے والا نے لکھا ہے ’’دیوالی کی چہل پہل اور روشنی میں اَن داتا کسان کی محنت کا ایم ایس پی پھر کھو گیا۔‘‘
چھ ٹوئٹس کی سیریز کے دوسرے ٹوئٹ میں رندیپ سرجے والا لکھتے ہیں ’’بھاجپائی شکونی چوسر نے کسان کا جینا محال کر دیا۔ نہ کوسٹ+50 فیصد، نہ مناسب قیمت، نہ موافق خریدی اور نہ ایم ایس پی کے قانون کو انجام دے رہی۔‘‘ وہ آگے لکھتے ہیں ’’مودی جی نے 2014 میں وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کو کوسٹ+50 فیصد دیں گے، لیکن 50 فیصد تو دور، اعلان کردہ ایم ایس پی تو خود بی جے پی حکومتوں کے ذریعہ مانگے گئے ایم ایس پی سے بھی کم ہے۔‘‘
ٹوئٹ کے تیسرے حصے میں رندیپ سرجے والا نے لکھا ہے ’’تلخ سچائی یہ بھی ہے کہ مودی حکومت صرف ایم ایس پی کا اعلان کرتی ہے۔ ایم ایس پی پر خرید نہیں کرتی۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ انھوں نے ایک چارٹ بھی شیئر کیا ہے اور لکھا ہے ’’لیڈر جملے تیار کر سکتا ہے، لیکن اعداد و شمار جھوٹ نہیں بولتے۔ کانگریس-یو پی اے حکومت نے ایم ایس پی میں 205 فیصد تک اضافہ کیا۔ مودی حکومت کے 8 سال میں ایم ایس پی کا اضافہ گھٹ کر 40 فیصد تک رہ گیا۔‘‘ اس کے ساتھ بھی انھوں نے ایک چارٹ شیئر کیا ہے۔
آخری دو ٹوئٹس میں رندیپ سرجے والا لکھتے ہیں ’’مودی حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ ایم ایس پی تو ملک کی ’شرح مہنگائی‘ سے بھی کم ہے۔ یعنی مہنگائی زیادہ بڑھی اور ایم ایس پی کم ملا۔‘‘ پھر لکھتے ہیں ’’ملکی باشندوں، دیوالی کے موقع پر دو منٹ ملک کے 70 کروڑ کسان-زرعی مزدوروں کے بارے میں بھی سوچیں۔ اس محنت کش کسان مزدور کے بارے میں جس کی وجہ سے آپ کا چولہا جلتا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے دیوالی کے موقع پر گیہوں اور دال سمیت 6 ربیع فصلوں کی ایم ایس پی میں اضافہ کو منظوری دی۔ مرکزی حکومت نے ان 6 فصلوں کی ایم ایس پی 9 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے جو میں ایم ایس پی 100، چنا میں 105، گیہوں میں 110، مسور میں 500، سرسوں میں 400 اور کسم میں 209 روپے کا اضافہ کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔