یوگی حکومت خواتین کے خلاف جرائم روکنے میں ناکام: کانگریس

بی جے پی حکومت یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی حفاظت کے نام پر خوب ڈھونگ کرتی ہے لیکن اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اس پر ایک لفظ نہیں بولتے ہیں۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

اتر پردیش میں جرائم کے حالات پر یوگی حکومت کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ ریاست میں خواتین کے خلاف جرائم میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور ریاست کی یوگی حکومت ان پر قابو پانے میں ناکام ہو رہی ہے۔

کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے صحافیوں کو بتایا کہ ریاست میں پہلے اناؤ ، پھر شاہجہان پور، ہاتھرس، لکھیم پور، بارہبنکی اور اب کانپور میں ایک 13 سالہ بچی کی اجتماعی آبروریزی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جب بچی کا باپ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرانے گیا تو اسے کچل کر مار ڈالا گیا۔


انہوں نے کہا کہ ایسے معاملات میں سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت متاثرہ کے لواحقین کو قتل کردیا جاتا ہے۔ اناؤ میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا ہے تاکہ مقتولہ کے کنبے میں کوئی ایسا شخص باقی نہ بچ سکے جو مقدمے کی پیروی کر سکے اور ہر ثبوت کو مٹایا جارہا ہے۔ چونکانے والی بات یہ ہے کہ کلیدی ملزم کا باپ اتر پردیش پولس میں افسر کے عہدے پر تعینات ہے۔

محترمہ شرینیت نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی حفاظت کے نام پر خوب ڈھونگ کرتی ہے، لیکن اتر پردیش میں ایک کے بعد ایک واقعہ پیش آرہے ہیں ، جس پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ایک لفظ نہیں بولتے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی بھی خواتین کے خلاف ایسے جرائم اور بڑھتی ہوئی وارداتوں پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ریاست میں جرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر یوگی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔