اتر پردیش کانگریس کی نئی ٹیم کا اعلان، اجے للو کو ملی قیادت، صلاحکار کمیٹی بھی تشکیل

کانگریس نے اپنی اتر پردیش یونٹ کو نئی شکل عطا کی ہے۔ کانگریس نے اجے کمار للو کو پارٹی کا نیا ریاستی صدر بنایا ہے جو کہ راج ببر کی جگہ لیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش میں کانگریس پارٹی نے عہدیداروں میں بڑا رد و بدل کیا ہے۔ کانگریس نے قانون ساز پارٹی کے لیڈر اجے کمار للو کو اتر پردیش کانگریس کا صدر منتخب کیا ہے۔ اجے کمار للو ویشیہ سماج سے تعلق رکھتے ہیں اور تمکوہیراج سے دو رکن اسمبلی رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے ریاست میں چار نائب صدور، بارہ جنرل سکریٹری اور چوبیس سکریٹری کی بھی تقرری کی ہے۔

اجے کمار للو نے 2017 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے جگدیش مشر کو شکست دی تھی۔ وہ 2012 میں بھی کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہو کر اسملی پہنچے تھے۔ اجے کمار کانگریس کے شمالی اتر پردیش کے کارگزار صدر بھی ہیں۔ انھیں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا نزدیکی تصور کیا جاتا ہے۔ پرینکا گاندھی جب بھی یو پی کے دورہ پر آتی ہیں تو اجے کمار للو ان کے ساتھ ہی نظر آتے ہیں۔


اتر پردیش کانگریس کمیٹی میں جہاں نوجوانوں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں، وہیں 18 سینئر لیڈروں کی ایک صلاحکار کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس کی صدارت کانگریس جنرل سکرٹری پرینکا گاندھی کریں گی۔ اتر پردیش میں کانگریس کی گزشتہ کمیٹی میں تقریباً 500 لوگ تھے، لیکن نئی کمیٹی میں تقریباً 40 سے 45 لوگ ہیں۔ نئی کمیٹی کے ہر عہدیدار کے لیے ایک خاص ذمہ داری اور جوابدہی پہلے سے طے کر دی گئی ہے۔

اتر پردیش کانگریس کمیٹی میں ہر ذات سے تعلق رکھنے والے لیڈروں کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی میں تقریباً 45 فیصد پسماندہ طبقہ کی نمائندگی ہے۔ پسماندہ طبقہ میں بھی حاشیے پر کھڑی انتہائی پسماندہ ذاتوں پر زیادہ توجہ دی گئی ہے۔ دلت آبادی کو تقریباً 20 فیصد نمائندگی ملی ہے۔ اس قیادت میں اثر انگیز دلت ذاتوں کے علاوہ دیگر ذاتوں کو بھی قیادت کا موقع ملا ہے۔ مسلم قیادت تقریباً 15 فیصد ہے جس میں پسماندہ مسلم قیادت پر زور ہے۔


نئی کانگریس کمیٹی میں تقریباً 20 فیصد اعلیٰ ذاتوں کی نمائندگی ہے۔ کانگریس نے ذات پات کے فارمولے کو اجماعی ذات کی نمائندگی پر مبنی فارمولے سے سادھنے کی کوشش کی ہے۔ کمیٹی میں خواتین کو بھی مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔

نئی کمیٹی میں مینڈیٹ والے محنت کش کارکنوں کو جگہ ملی ہے۔ اس میں کئی نئے چہرے بھی شامل ہیں۔ کانگریس کی نئی تنظیم کو صاف صاف نظر آ رہا ہے کہ اتر پردیش کی سڑکیں عوامی تحریک سے خالی نہیں ہوں گی۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے بھی سون بھدر، اناو اور شاہجہاں پور واقعہ میں اپنی سرگرمی دکھا کر پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ آنے والی کانگریس سڑکوں پر لڑتی نظر آئے گی۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً چار ماہ سے کانگریس کی کئی ٹیمیں اتر پردیش کی خاک چھان رہی تھیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی خود اتر پردیش کے کارکنوں، لیڈروں اور دانشوروں کے ساتھ میٹنگ کر کے صلاح و مشورہ لے رہی تھیں۔ اتر پردیش میں چھ قومی سکریٹری لگاتار پوری ریاست کا دورہ کر رہے تھے۔ پرینکا گاندھی کی ٹیم کے لوگ ضلع ضلع گھوم کر زمینی حالات کا جائزہ بھی لے رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Oct 2019, 9:05 AM