مودی حکومت کے ذریعہ ریاستوں کا جی ایس ٹی حصہ نہ دیے جانے سے کانگریس برہم
کانگریس کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی بقایا کورونا بحران کے سبب نہیں بلکہ حکومت کی بد انتظامی کے سبب رکا ہے۔ ایک سال سے زیادہ وقت سے مرکز نے اس پیسے کی ادائیگی نہیں کی ہے۔
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ مرکز کے پاس لمبے عرصے سے ریاستوں کا کروڑوں روپے کا اشیا اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کا بقایا ہے اور اس کے نہ ملنے سے کئی ریاستوں کی مالی حالت بہت خراب ہے لہٰذا وفاق کے نظریہ کا احترام کرتے ہوئے مرکز کو اس کی جلد ادائیگی کرنا چاہیے۔ کانگریس ترجمان راجیو گوڑا، پنجاب حکومت میں وزیر خزانہ منپریت بادل اور کرناٹک کانگریس کے رہنما کرشنا وی گوڑا نے منگل کے روز یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ دو روز بعد جی ایس ٹی کونسل کا اجلاس ہونا ہے اور کانگریس کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزیر خزانہ مرکز سے جی ایس ٹی کے بقایا کی فوری ادائیگی کرنے کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بقایا نہ ملنے سے محض کانگریس کے زیر اقتدار ریاست ہی نہیں بلکہ بی جے پی کے زیر اقتدار ریاستوں کو بھی مشکل ہو رہی ہے لہٰذا مرکزی حکومت کو نظریۂ وفاق احترام کا کرتے ہوئے فوراً بقایا ادا کرنا چاہیے۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ جی ایس ٹی بقایا کورونا بحران کے سبب نہیں بلکہ حکومت کی بد انتظامی کے سبب رکا ہے۔ ایک سال سے زیادہ وقت سے مرکز نے اس پیسے کی ادائیگی نہیں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب جیسی چھوٹی ریاست کا مرکز پر 4500 کروڑ روپیے کا جی ایس ٹی کا بقایا ہے جبکہ کرناٹک کو اس مد کے تحت 13000 کروڑ روپیے کی ادائیگی کی جانی ہے۔ کانگریس کے رہنماؤں نے کہا کہ جی ایس ٹی کے بقایا کی ادائیگی نہ ہونے سے ریاستوں کی مالی حالت ابتر ہو رہی ہے۔ اس وقت کرناٹک جیسی کئی ریاست سیلاب کا سامنا کر رہی ہیں اور اگر اس وقت انھیں بقایا رقم کی دائیگی نہیں کی جاتی ہے تو ریاست، عوام کو راحت دینے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔