جموں و کشمیر: ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘، کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے اسمبلی انتخاب ساتھ لڑنے کا کیا اعلان
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اسمبلی انتخاب میں کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کا اعلان کیا، بعد میں کانگریس نے بھی ’ایکس‘ پر ویڈیو پوسٹ کر اس کی تصدیق کر دی۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی آج جموں و کشمیر میں ہیں۔ انھوں نے مرکز کے زیر انتظام اس خطہ میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور لیڈران و کارکنان سے خطاب بھی کیا۔ اس درمیان بڑی پیش رفت یہ ہوئی کہ کانگریس اور جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ایک ساتھ مل کر اسمبلی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اس اتحاد سے متعلق اعلان کیا، جس کی تصدیق کانگریس اور نیشنل کانفرنس دونوں نے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کر دی۔
کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر 27 سیکنڈ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ، راہل گاندھی اور عمر عبداللہ ایک ساتھ بیٹھ کر تبادلہ خیال کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے ’’پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے سری نگر میں نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔‘‘ کانگریس کی طرف سے کہا گیا ہے کہ دونوں پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کی میٹنگ ہوئی اور سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، امید ہے کہ اتحاد اچھی طرح کام کرے گا۔
دوسری طرف جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ’یونائٹیڈ، وی اسٹینڈ‘ (متحد، ہم ساتھ ہیں) لکھا گیا ہے اور ویڈیو میں کانگریس صدر کھڑگے و راہل گاندھی کو کار سے اترتے ہوئے اور خوشگوار ماحول میں نیشنل کانفرنس صدر فاروق عبداللہ و عمر عبداللہ سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ’ایکس‘ ہینڈل سے اس ملاقات کی کچھ تصویریں بھی شیئر کی گئی ہیں۔
بہرحال، فاروق عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کو آخری شکل دے دی گئی ہے، جلد ہی مرحلہ وار فہرست شائع کی جائے گی۔ کانگریس کے حوالے سے بھی ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جلد ہی سیٹوں کی تقسیم سے متعلق فیصلے سے مطلع کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔