کانگریس نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر پر لگایا انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام، الیکشن کمیشن سے کی شکایت

کیرالہ اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر وی ڈی ستیشن نے 25 اپریل کو الیکشن کمیشن سے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کے خلاف کارروائی کرنے کی گزارش کی، ان کا الزام ہے کہ وہ بی جے پی کی حمایت میں ووٹ مانگ رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>وی ڈی ستیشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

وی ڈی ستیشن، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان کانگریس نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) وی کے سکسینہ پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ کیرالہ اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر وی ڈی ستیشن نے جمعرات کو انتخابی کمیشن سے اس معاملے میں شکایت کی اور مطالبہ کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ستیشن نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی کی حمایت میں ووٹ مانگنے کے لیے دہلی ایل جی جنوبی ریاست کے چرچ سربراہان سے ملاقات کر رہے ہیں۔

کانگریس لیڈر ستیشن نے انتخابی کمیشن کو لکھے گئے خط میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ پر مذکورہ بالا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے اپنی تحریری شکایت میں کہا ہے کہ ’’میں آپ کو یہ خط لکھ کر اس بات کی طرف توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر نے مثالی ضابطہ اخلاق کی شدید خلاف ورزی کی ہے۔ وہ کیرالہ کے مختلف چرچ کے سربراہان کے پاس جا کر آئندہ لوک سبھا انتخاب میں بی جے پی حامی رخ اختیار کرنے کا لالچ دے رہے ہیں۔‘‘


وی ڈی ستیشن نے دعویٰ کیا کہ کیرالہ کے دو روزہ دورہ پر پہنچے وی کے سکسینہ نے سائرو مالابار چرچ، جیکوبائٹ سیرین آرتھوڈاکس چرچ، ملنکارا آرتھوڈاکس سیرین چرچ اور دیگر چرچ کے سربراہان کے ساتھ ملاقات کی گزارش کی۔ انھوں نے کہا کہ جانکاری کے مطابق کچھ چرچ سربراہان نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملنے سے انکار کر دیا ہے۔ ستیش نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر ریاست کے آئینی سربراہ ہیں اور انھیں کسی بھی سیاسی سرگرمی میں شامل ہونے سے منع کیا گیا ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ دہلی ایل جی کے ذریعہ لوک سبھا انتخاب سے عین قبل کیرالہ کے مختلف چرچ کے سربراہان سے بی جے پی کے لیے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش جمہوریت اور اس کے اقدار پر داغ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔