’کیجریوال کو ہندو لیڈر بننے پر مبارکباد!‘ پرانے ساتھی آشوتوش کا طنز
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی بیوی سنیتا اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ دیوالی کے موقع پر اکشردھام مندر میں پوجا کی تھی، جسے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا گیا تھا۔ آشوتوش نے اس پر طنز کیا ہے
نئی دہلی: دیوالی کے موقع پر دہلی کے اکشردھام مندر میں پوجا کرنے اور تمام دہلی والوں سے تعاون کرنے کے لئے تحریک چلا کر اسے ٹی وی چینلوں پر براہ راست نشر کرائے جانے پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے پرانے ساتھی نے سوال اٹھایا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے سابق رکن اور چاندی چوک سے لوک سبھا کے امیدوار رہے صحافی آشوتوش نے کیجریوال کی دیوالی پوجا پر طنز کیا ہے۔
دیوالی کے دن دہلی والوں سے ساتھ پوجا کرنے کے لئے ٹی وی پر اشتہار دینے اور اس پوجا کو براہ راست نشر کئے جانے پر آشوتوش نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر لکھا، ’’اروند کیجریوال کو بہت بہت مبارک باد ہندو لیڈر ہونے پر!‘‘
خیال رہے کہ آشوتوش نے سال 2014 میں عام آدمی پارٹی کے لئے لوک سبھا انتخاب لڑنے کے بعد سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے دہلی کی ذمہ داری سنبھالی اور 2017 میں عآپ نے دہلی میونسپل کارپوریشن کا انتخاب بھی انہی کی قیادت میں لڑا۔ لیکن اگست 2018 میں انہوں نے نجی وجوہات کی بنا پر عام آدمی پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
ادھر، وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ہفتہ کے روز قومی راجدھانی کے اکشردھام مندر میں دیوالی پوجا کی تھی۔ وہ اپنی بیوی سنیتا کیجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کے ساتھ ٹی وی پر براہ راست نشر کی گئی پوجا کی رسومات میں شامل ہوئے تھے۔ تصاویر میں نظر آیا کہ کیجریوال اور ان کی بیوی ایک پجاری کے ساتھ رسمومات کی ادائیگی کے لئے ہاتھ جوڑ کر بیٹھے تھے۔ جبکہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی ان کے ساتھ براجمان تھے۔
اس سے پہلے کیجریوال، جوکہ آلودگی کے خلاف قومی راجدھانی کی لڑائی کی قیادت کر رہے ہیں، انہوں نے دہلی کے باشندگان سے اپیل کی کہ وہ ٹی وی پر لائیو جڑ کر پوجا میں شامل ہوں۔
انہوں نے ہندی میں ٹوئٹ کیا تھا، ’’دہلی کے دو کروڑ لوگ ایک ساتھ دیوالی کی پوجا کریں گے اور آج شام 7.39 بجے منترو کا ورد کریں گے، جس کو براہ راست نشر کیا جائے گا۔ آئیے ہم دہلی کی دیوالی کا حصہ بنیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 15 Nov 2020, 11:11 PM