کانگو بخار نے بڑھائی ٹینشن، احمد آباد میں متاثرہ خاتون کی موت، حکومت نے جاری کیا الرٹ

 جودھپور کی رہنے والی 51 سال کی خاتون کانگو بخار سے متاثر تھی جس کا علاج احمد آباد میں ہو رہا تھا۔ پونے کے نیشنل انسٹی چیوٹ آف وائرولوجی کے ذریعہ کی گئی جانچ میں اس مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔

علامتی تصویر / آئی اے این ایس
علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے جودھپور کی رہنے والی 51 سالہ خاتون کی کانگو بخار سے موت ہو گئی ہے۔ یہ معاملہ سامنے آنے کے بعد ریاستی حکومت نے روک تھام اور بچاؤ کے لیے پوری ریاست میں رہنما اصول جاری کر دیے ہیں۔ کانگو بخار ایک مہلک مرض ہے، جو جانوروں سے انسانوں میں پھیلتا ہے۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں تیزی سے قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے تاکہ بیماری کو پھیلانے سے روکا جا سکے۔

ایجنسی کے مطابق جودھپور کی رہنے والی 51 سال کی خاتون کا احمد آباد کے این ایچ ایل میونسپل میڈیکل کالج میں علاج کیا جا رہا تھا۔ خاتون کانگو بخار سے متاثر تھی۔ پونے کے نیشنل انسٹی چیوٹ آف وائرولوجی کے ذریعہ کی گئی جانچ میں اس مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔ خاتون نے بدھ کو دورانِ علاج دم توڑ دیا۔


پبلک ہیلتھ ڈائرکٹر ڈاکٹر روی پرکاش ماتھر نے بتایا کہ جودھپور کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ علاقے میں ٹیم بھیج کر روک تھام کے انتظام کیے جائیں۔ ساتھ ہی مشتبہ اور علامت والے مریضوں کی شناخت کرکے انہیں آئیسولیشن میں رکھا جائے۔

ریاستی حکومت نے سبھی سرکاری اور نجی طبی اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی مریض میں کانگو بخار کی علامت پائے جانے پر فوراً اس کا نمونہ لیا جائے اور جانچ کے لیے بھیجا جائے اور اس سلسلے میں طبی محکمہ کو اس کی اطلاع بھی دی جائے۔

حکومت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کانگو بخار کی علامت کے تعلق سے مستعد رہیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال میں فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔


ایک دیگر اطلاع کے مطابق ناگور کے 20 سالہ نوجوان کو بھی جئے پور کے آر یو ایچ ایس اسپتال میں آئیسولیشن میں رکھا گیا تھا، اس کی منکی پاکس جانچ رپورٹ منفی آئی ہے۔ یہ نوجوان دبئی سے جئے پور آیا تھا اور ہوائی اڈہ پر صحت جانچ کے دوران اس کے جسم پر دانے پائے گئے تھے۔ جانچ میں اسے چکن پاکس سے متاثر پایا گیا۔

کانگو بخار کی بات کریں تو اس کا پورا نام کانگو ہیموریجک فیور (سی سی ایف ایف) ہے۔ انسانوں کے لیے مہلک رائیمین کانگو ہیمریج فیور جانوروں سے انسانوں میں پھیلتا ہے۔ کانگو بخار ایک جونوٹک وائرس سے پھیلنے والا مرض ہے جو خاص طور سے ٹک بائٹ یعنی چھوٹے کیڑوں کے کاٹنے سے پھیلتا ہے۔ اسے دھیان میں رکھتے ہوئے ریاست کے محکمہ مویشی پروری کو ضروری قدم اٹھانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ مویشیوں کے ذریعہ اس مرض کے پھیلنے کے اندیشہ کو روکا جاسکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔