پاکستان بات چیت کے لیے مناسب ماحول بنائے: ہندوستان
ہندوستان پاکستان سے عام ہمسایہ ممالک والے تعلقات چاہتا ہے جو تشدد، دشمنی اور دہشت گردی سے پاک ہوں اور اس طرح کا ماحول بنانے کی ذمہ داری پاکستان کی ہے۔
نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا ہےکہ ہندوستان بھی پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتا ہے لیکن یہ تعلقات تشدد-دہشت گردی کے ماحول سے پاک ہونے چاہئیں اور یہ ماحول بنانا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے یہاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا،’ہمارا موقف جگ ظاہر ہے۔ ہندوستان پاکستان سے عام ہمسایہ ممالک والے تعلقات چاہتا ہے جو تشدد، دشمنی اور دہشت گردی سے پاک ہوں۔ اس طرح کا ماحول بنانے کی ذمہ داری پاکستان کی ہے‘۔
ہندوستان کو پاکستان کی جانب سے کووِڈ کے ٹیکے کی درخواست ملنے اور ٹیکہ مہیا کروانے یا نہ کروانے کے بارے میں پوچھے جانے پر شریواستو نے کہا کہ انھیں پاکستان کی جانب سے اس طرح کے کسی درخواست کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر باجوہ نے منگل کے روز خیبرپختونخواہ کے رِسلاپور میں پاکستان فضائیہ کے اصغر خان اکیڈمی میں گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کو جموں و کشمیر کے مسئلے کو عوام کی خواہش کے مطابق پروقار اور پر امن ڈھنگ سے سلجھانا چاہیے۔
پاکستان کے بارے میں جگ ظاہر ہےکہ وہ اپنی دہشت گردانہ کارروائیوں کو بند نہیں کرتا اور اچھے تعلقات کی بات وہ صرف عالمی دنیا کودکھانےکےلئے کرتا ہے۔ ہندوستان نے اس سے تعلقات اچھے کرنے کی ہر ممکن کوشش کر لی لیکن اس کی جانب سےدہشت گردی کی حمایت بند نہیں ہوئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Feb 2021, 7:40 AM