کانپور میں منگل سے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان، کرانہ اور دودھ کی دکانیں بھی رہیں گی بند
ضلع مجسٹریٹ نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود ضلع میں اب تک آٹھ لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جو تشویش کا باعث ہے۔ کورونا کی زنجیر توڑنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن ضروری ہے۔
کانپور: کورونا وائرس سے بچنے کے لئے احتیاط کے طور پر اٹھائے جا رہے ہر ممکن اقدام کے دوران کانپور ضلع انتظامیہ نے شہر میں منگل سے مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر برہم دیو رام تیواری نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باوجود ضلع میں اب تک آٹھ لوگ کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جو تشویش کا باعث ہے۔ کورونا وائرس کی چین کو توڑنے کے لئے مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ لینا پڑا ہے۔ اس کے تحت کانپور شہر اور گھاٹم پور میں سبھی ادارے، اکائی اور دوکانیں پوری طرح سے بند رہیں گی اور ضروری اشیاء کی ڈلیوری ڈور ٹو ڈور کی جائے گی۔
ڈاکٹر برہم دیو رام تیواری نے مکمل لاک ڈاؤن کے تعلق سے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ دودھ دہی کی ہوم ڈیلیوری اور ڈیری پارلر کھلے رہیں گے لیکن کرانہ، دودھ، بریڈ کی دوکانیں بند رہیں گی۔ ڈاکٹروں کی کلینک، میڈیکل اسٹورس کو مکمل لاک ڈاؤن سے مستثنی رکھا گیا ہے اس کے علاوہ نوبستہ اور چکرپور پھل اور سبزی منڈی بھی کھلی رہے گی۔ ڈاکٹر تیواری نے کہا کہ بینک اور ضروری خدمات کے اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو پاس جاری کیے گئے ہیں جس کو دکھا کر وہ اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں وہیں زراعت اور ضروری اشیاء کی گاڑیاں جاری رہیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔