کامیڈین منور فاروقی کو ضمانت ملے گی یا نہیں! سپریم کورٹ میں فیصلہ آج ہوگا
عدالت عظمیٰ مزاحیہ اداکار منور فاروقی کی درخواست ضمانت پر آج فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے معاملہ میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا
نئی دہلی: عدالت عظمیٰ مزاحیہ اداکار منور فاروقی کی درخواست ضمانت پر آج فیصلہ کرنے جا رہی ہے۔ مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے معاملہ میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت منظور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ منور فاروقی نے ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے 28 جنوری کو عرضی داخل کی تھی۔ منور فاروقی کی درخواست ضمانت پر جسٹس روہنگٹن فالی ناریمن اور بی آئی گاوئی کی بنچ سماعت کرے گی۔
مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے منور فاروقی کی درخواست ضمانت نامنظور کرتے وقت کہا تھا کہ ضبط کا گیا مواد اور گواہوں کے بیان کے علاوہ معاملہ میں چل رہی جانچ کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزم کی ضمانت منظور کرنے کی گنجائش ہی نہیں رہتی۔
خیال رہے کہ گجرات کے رہائشی اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی کو دو جنوری کو دیگر چار افراد کے ساتھ مدھیہ پردیش کے شہر اندور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک اسٹینڈ اپ شو کے دوران ہندو دیوتاؤن کے خلاف توہین آمین کلمات کہے تھے۔ گرفتار کئے گئے دیگر افراد کی شناخت ایڈون انتھونی، نلن یادو، پرکھر ویاس اور پریم ویاس کے طور پر کی گئی۔
منور فاروقی کے خلاف مقدمہ اکلوئے گوڑ نامی شخص کی شکایت پر درج کیا گیا ہے۔ گوڑ کا الزام ہے کامیڈین ہندو دیوی - دیوتاؤں اور بی جے پی کے سابق صدر امت شاہ کے خلاف جان بوجھ کر گندے اور نازیبہ مذاق کر رہے تھے اور مذاحیہ اداکاروں نے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔