دہلی میں موسم کا سرد ترین دن، کئی ریاستوں میں درجہ حرارت میں گراوٹ
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی دیکھنے کو ملے گی اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے
نئی دہلی: ملک کی کئی ریاستوں میں درجہ حرارت میں کمی آئی ہے جس کے بعد سردی مزید بڑھ گئی ہے۔ راجدھانی دہلی میں بھی یہی صورتحال ہے، یہاں پیر (11 دسمبر) موسم کا سرد ترین دن تھا۔ جموں و کشمیر میں پارہ صفر سے کئی ڈگری نیچے پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی ہند کے درجہ حرارت میں 15 دسمبر تک مزید کمی واقع ہوگی۔
محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق راجدھانی دہلی میں 12 سے 17 ستمبر کے درمیان کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہے گا۔ اس کے ساتھ اگر آج یعنی منگل (12 دسمبر) کے موسم کی بات کریں تو دہلی-این سی آر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری رہنے کا امکان ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں مزید کمی ہوگی اور صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق، پیر کو دارالحکومت دہلی میں موسم کی سرد ترین صبح تھی۔ محکمہ کے مطابق کم سے کم پارہ 6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو سیزن کے اوسط درجہ حرارت سے تین ڈگری سینٹی گریڈ کم ہے۔ دارالحکومت میں گزشتہ چند دنوں سے درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتہ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 8.5 ڈگری سیلسیس اور اتوار کو 8.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر کے سری نگر میں پارہ منفی 4.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ گلمرگ میں پارہ منفی 4.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، شمالی راجستھان اور اتر پردیش کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 6-10 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔