یوپی میں اسکول بند، دہلی میں موسم سرما کی تعطیلات ختم، کئی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا

فی الحال دارالحکومت دہلی این سی آر سمیت شمالی ہندوستان میں سردی سے کوئی راحت نہیں ہے۔ دہلی میں 17 جنوری تک سردی کی لہر اور گھنی دھند رہے گی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

پیر یعنی آج 15 جنوری، 2024 کو ملک کی راجدھانی دہلی سمیت پورے این سی آر پر دھند، اور سردی کی لہر کا حملہ بھی رہے گا۔ جب لوگ صبح سویرے بیدار ہوئے تو گھنی دھند کی وجہ سے وہ 10 میٹر کے دائرے میں کچھ بھی نہیں دیکھ سکے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دارالحکومت دہلی میں صبح 6 بجے کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان ہے۔ ویسے اس سے ایک روز قبل اتوار کو یہ اس موسم کی سرد ترین صبح تھی اور پارہ 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔


آئی ایم ڈی کی جانب سے بتایا گیا کہ سردی کی لہر 15 جنوری کو پورا دن رہے گی، جب کہ 16 جنوری تک شدید سردی کے درمیان دھند کے حوالے سے اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ادھر اتر پردیش (یوپی) میں شدید سردی کے پیش نظر اسکولوں کی چھٹیاں 17 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کے تمام اسکول پیر سے مکمل طور پر کھل گئے۔ وزیر تعلیم آتشی کی ہدایات کے مطابق نرسری، کے جی اور دیگر پرائمری کلاسوں کے بچوں کو بھی اسکول جانا ہوگا۔ تاہم موسم کو دیکھتے ہوئے بچوں اور ان کے اہل خانہ کو کچھ ریلیف بھی دیا گیا ہے۔ اتوار کو ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ کوئی بھی اسکول صبح 9 بجے سے پہلے شروع نہیں ہوگا اور ڈبل شفٹ اسکولوں میں شام 5 بجے کے بعد کوئی کلاس نہیں ہوگی۔ اگلے احکامات تک ا سکولوں کو اس ٹائمنگ کے ساتھ چلنا ہو گا۔ تاہم تعلیمی کارکنوں کو اپنے وقت کے مطابق حاضر ہونے کو کہا گیا ہے۔


اتوار کو 20 پروازوں کو جے پور کی طرف موڑ دیا گیا تھا، جب کہ شدید دھند کی وجہ سے پیر کو بھی ایسی ہی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر صبح 6 بجے حد نگاہ 50 میٹر تھی۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے دہلی آنے والی ٹرینیں 6 سے 8 گھنٹے لیٹ ہیں۔ یہی نہیں بلکہ دھند کی وجہ سے گاڑیاں بھی سڑکوں پر رینگتی ہوئی چل رہی ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو سائیکل کا استعمال کرنے یا کم فاصلے کے لیے پیدل چلنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔