کشمیر: زمستانی ہواؤں کا زور جاری، آبی ذخائر بشمول جھیل ڈل منجمد

چلہ کلان کے دوران اگرچہ موسم خشک رہا تاہم شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے گرنے سے صبح کے وقت آبی ذخائر جزوی طور پر منجمد ہوتے ہیں بلکہ نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم جاتا ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں جاری شہنشاہ زمستان چلہ کلان کے پہلے ہفتے کے دوران اگرچہ موسم خشک ہی رہا تاہم شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے گرنے سے زمستانی ہوائیں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیز سے تیز تر ہورہی ہیں جس سے صبح کے وقت آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق جھیل ڈل جزوی طور پر منجمد ہوتے ہیں بلکہ نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم جاتا ہے۔

کشمیر کے دارالخلافہ سری نگر میں شبانہ درجہ حرارت مزید بڑھتے ہوئے منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے منفی 0.6 ڈگری زیادہ ہے۔ دوسری جانب مرکز کے زیر انتظام لداخ میں شدید سردی کا راج برقرار ہے۔ دراس اور کرگل میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 30 اور منفی 27 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

لداخ میں لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں امسال سخت ترین سردی کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہورہے ہیں۔ کرگل میں مقیم ایک غیر ریاستی مزدور نے کہا: 'میں یہاں گزشتہ بیس برسوں سے کام کررہا ہوں۔ اس سال جیسی سردی کبھی نہیں دیکھی تھی۔ شدید ٹھند سے ہمارا کام بھی متاثر ہوا ہے'۔ ادھر محکمہ موسمیات نے جموں وکشمیر میں 31 دسمبر یعنی 11 چلہ کلان سے موسم خراب ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم محکمے کے ترجمان کے مطابق اس دوران ہلکی برف باری یا بارش ہی ہوگی۔
وادی میں سردی کی شدت میں پر گزرتے دن کے ساتھ ہورہے اضافے کے پیش نظر طبی ماہرین نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت سردی لوگوں کی زندگیوں کے لئے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے چھوٹے بچوں اور ضعیف العمر افراد کو صبح اور شام کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی صلاح دی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات پہلگام اور گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 12.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں جمعہ کے روز بھی موسم خشک ہی رہا اور دن میں ہلکی دھوپ بھی کھلی رہی جس سے لوگوں کو شبانہ اور صبح کے وقت کی شدید سردی سے قدرے راحت نصیب ہوئی تاہم صبح کے وقت آبی ذخائر بشمول شہرہ آفاق جھیل ڈل منجمد پائے گئے اور نل اور پانی کی ٹینکیوں میں بھی پانی جم گیا تھا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ امسال چلہ کلان کے ابتدائی ایام کے دوران ہی سال گزشتہ کے برعکس سردیوں میں کافی اضافہ درج ہورہا ہے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔