دہلی-این سی آر میں ٹھنڈ میں ہو رہا ہے اضافہ، کئی ریاستوں میں کہرے کو لے کر الرٹ جاری

دہلی میں ہفتہ کی صبح اس موسم میں اب تک سب سے زیادہ ٹھنڈ محسوس کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کیرالہ میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

دہلی میں کہرا / IANS
دہلی میں کہرا / IANS
user

قومی آواز بیورو

دہلی، یوپی، ہریانہ، پنجاب، راجستھان، مدھیہ پردیش سمیت پورے شمالی ہند میں ٹھنڈ کا احساس ہونے لگا ہے۔ حالانکہ دن میں دھوپ کی وجہ سے درجہ حرارت گرنے سے رک جاتا ہے لیکن آنے والے کچھ دنوں میں ٹھنڈ تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دو سے تین دن میں دہلی - این سی آر میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوگا، ویسے دہلی میں ابھی بھی فضائی آلودگی کی سطح کافی اوپر ہے۔

دہلی میں ہفتہ کی صبح اس موسم میں اب تک سب سے زیادہ ٹھنڈ محسوس کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی کہرے کی گھنی چادر بھی بچھی رہی۔ محکمہ کے مطابق اتوار کو دہلی میں درمیانی سطح کا یا گھنا کہرا ہو سکتا ہے، اس وجہ سے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دہلی کا اوسط درجہ حرارت کم ہو کر 13 ڈگری سیلسیس کے آس پاس پہنچ سکتا ہے۔ ہفتہ کی صبح دہلی میں صفدر جنگ کے پاس درمیانی سطح کا کہرا رہا جبکہ آئی جی آئی ایئر پورٹ کے پاس ہلکا کہرا ہونے سے صبح کے وقت حد نگاہ 500 میٹر رہی۔محکمہ موسمیات نے اتر پردیش کے کئی ضلعوں میں کہرے کے لیے الرٹ جاری کیا ہے، ان میں علی گڑھ، بریلی، مراد آباد، مؤ، سیتاپور وغیرہ شامل ہیں۔ اتر پردیش میں 18 نومبرسے درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔ یوپی میں سرد لہر روزانہ دستک دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں ماہرین اور ڈاکٹروں نے لوگوں کو احتیاط برتنے کی صلاح دی ہے۔


دوسری طرف کیرالہ میں گزشتہ کئی دنوں سے روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بھی یہاں کے لیے شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ الاپوجھا، کوٹائم، ایرناکولم، ترو اننت پورم، کولم، پتھن متھیٹا اور تریشور میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کچھ ضلعوں میں ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔