اتر پردیش: کانپور میں سردی کا قہر، ایک ہی دن میں ہارٹ اور برین اسٹروک سے 25 افراد ہلاک!

کانپور میں جمعرات کو ہارٹ اور برین اسٹروک سے 25 لوگ ہلاک ہو گئے، ان میں 17 کی موت طبی امداد سے پہلے ہی ہو گئی، ڈاکٹروں کے مطابق سردی میں بلڈ پریشر اچانک بڑھنے سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں۔

سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش / یو این آئی
سردی میں خود کو گرم رکھنے کی کوشش / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

دہلی-این سی آر، اتر پردیش، بہار سمیت پورے شمالی ہند میں زبردست سردی پڑ رہی ہے۔ یوپی میں ٹھنڈ سے اموات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کانپور میں جمعرات کو ہارٹ اٹیک اور برین اسٹروک سے 25 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ان میں سے 17 لوگوں کی طبی مدد ملنے سے پہلے ہی موت ہو گئی۔ ڈاکٹروں کے مطابق ٹھنڈ میں بلڈ پریشر کا اچانک بڑھ جانا اور خون کا تھکہ جمنا ہارٹ اٹیک اور برین اسٹروک کی وجہ بن رہا ہے۔

کارڈیولوجی انسٹی ٹیوٹ کے کنٹرول روم کے مطابق جمعرات کو ایمرجنسی اور او پی ڈی میں 723 دل کے مریض آئے۔ ان میں سے 41 مریضوں کی حالت سنگین تھی، جنھیں داخل اسپتال کیا گیا۔ سنگین حالت میں اسپتال میں علاج کرا رہے سات دل کے مریضوں کی ٹھنڈ کے سبب موت ہو گئی۔ اس کے علاوہ 15 مریضوں کو مردہ حالت میں ایمرجنسی میں لایا گیا تھا۔ کارڈیولوجی کے ڈائریکٹر پروفیسر ونئے کرشن نے کہا کہ اس موسم میں مریضوں کو ٹھنڈ سے بچانا چاہیے۔


لکھنؤ میں کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی (کے جی ایم یو) کے ایک فیکلٹی رکن نے کہا کہ اس ٹھنڈ کے موسم میں دل کے دورے صرف بزرگوں تک ہی محدود نہیں ہیں۔ ہمارے پاس ایسے معاملے ہیں جب نوجوانوں کو بھی دل کا دورہ پڑا ہے۔ لکھنؤ موسمیاتی سائنس سنٹر کے مطابق اتراکھنڈ کے کچھ علاقوں میں برف باری کے بعد وہاں سے چل رہی برفیلی ہواؤں نے میدانی علاقوں میں ٹھٹھرن بڑھا دی ہے۔ حالانکہ جمعہ سے حالات کچھ بدلنے کے امکانات ہیں، لیکن اگلے تین چار دنوں تک شدید سردی سے کوئی بڑی راحت کی امید نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔