سی این جی، گھریلو گیس سلینڈر، پٹرول-ڈیزل اب عام آدمی کے بجٹ سے باہر
گیس سلینڈر، سی این جی، پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر عام آدمی پریشان ہے اور اس کو کہیں سے بھی کوئی راحت ملتی نظر نہیں آ رہی کیونکہ حکومت کو ان مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
تیل کی مہنگائی جھیل رہے لوگوں کو اب پیر سے گیس کے لئے بھی زیادہ قیمتیں ادا کرنی ہوں گی کیونکہ سرکاری کمپنی اندرپرستھ گیس لمٹیڈ نے گاڑیوں میں استعمال ہونے والی گیس سی این جی اور کچن میں استعمال ہونے والی گیس پی این جی کی قیمتیں بڑھا دی ہیں۔ دہلی میں سی این جی گیس کی قیمتوں میں 1.70 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے اور پی این جی کی قیمت 1.30 فی اسٹینڈرڈ کیوبک میٹر (ایس سی ایم) بڑھا دی گئی ہے۔ گیس کی یہ قیمتیں آج سے لاگو ہوں گی۔
نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا اور غازی آباد میں سی این جی کی قیتوں میں1.95 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے وہیں پی این جی میں 1.50 روپے فی ایس سی ایم کا اضافہ ہوا ہے۔ قیمتوں میں چھ ماہی سرکاری تصحیح کے مطابق گھریلو، سی این جی کی قیمت یکم اکتوبر سے 3.36 ڈالر فی دس لاکھ برٹش تھرمل یونٹ (ایم بی یوٹی) ہوگا جو کہ حال میں 3.06 ڈالر ہے۔
گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ
وہیں انڈین آئل کارپوریشن نے اتوار کو دہلی میں سبسڈی والے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2.89 روپے فی سلنڈر بڑھا دیا، دہلی میں بغیر سبسڈی والا ایل پی جی سلنڈر 59 روپے مہنگا ہو گیا ہے، بڑھی ہوئی قیمتیں ایک اکتوبر سے لاگو ہوں گی، انڈین آئل کارپوریشن کے مطابق، اکتوبر 2018 میں صارفین کے اکاؤنٹ میں گیس سبسڈی اب 376.60 روپے فی سلنڈر ہو جائے گی، جو کہ ستمبر 2018 میں 320.49 روپے فی سلنڈر تھی۔
پٹرول-ڈیزل کی قیمت میں اضافہ جاری
پٹرول-ڈیزل کے داموں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے، پیر کی صبح دہلی میں پٹرول کی قیمت میں 24 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا، اب دہلی میں ایک لیٹر پٹرول کے لئے 83 روپے 73 پیسے ادا کرنے ہوں گے، وہیں ڈیزل پر بھی 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے. اب دہلی میں ایک لیٹر ڈیزل کے لئے 75 روپے 9 پیسے ادا کرنے ہوں گے۔
ممبئی میں تو پٹرول کی قیمت 91.08 روپے اور ڈیزل 79،72 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Oct 2018, 11:06 AM