کورونا جنگجو راجیش بھاردواج کے لواحقین کو سی ایم کیجریوال نے دیا ایک کروڑ روپے کا چیک
کورونا جنگجو راجیش بھاردواج، جو دہلی حکومت میں فارماسسٹ کے عہدے پر تعینات تھے، حال ہی میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی تھی۔
نئی دہلی: وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج کورونا جنگجو راجیش کمار بھاردواج کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس دوران وزیر اعلی نے انہیں ایک کروڑ روپے کی رقم کا چیک دیا۔ 52 سالہ راجیش کمار بھاردواج نبی کریم میں واقع سی ڈی ایم او آفس میں فارماسسٹ تھے۔ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے امدادی رقم کا چیک ان کے اہل خانہ کے حوالے کیا اور ان کی خدمات اور لگن کو سلام پیش کیا اور مستقبل میں بھی ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس سلسلے میں ٹویٹ کر جانکاری بھی دی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ "ہمارے کورونا واریر راجیش بھاردواج ، جو دہلی حکومت میں فارماسسٹ کی حیثیت سے تعینات تھے، حال ہی میں کورونا انفیکشن کی وجہ سے چل بسے تھے۔ آج ان کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کر ایک کروڑ روپے کی امداد دی۔ مجھے امید ہے کہ کنبہ کو اس رقم سے کچھ مدد ملے گی۔"
دراصل راجیش کمار وسطی ضلع میں نبی کریم میں سی ڈی ایم او میں فارماسسٹ کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، بھاردواج اپنے کنبے کے ساتھ فرید آباد میں رہ رہے تھے۔ وہ کورونا منتقلی کے دوران ڈیوٹی پر تھے۔ 29 جون 2020 کو ڈیوٹی کے دوران ، وہ کورونا سے متاثر پائے گئے تھے ۔انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، لیکن ڈاکٹر اسے بچا نہ سکے اور 20 جولائی کو ان کی موت ہوگئی۔
راجیش کمار کے اہل خانہ نے آج وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر جاکر ملاقات کی۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کورونا واریر راجیش کمار کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور اہل خانہ کو مستقبل میں بھی ہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ اس دوران ، وزیر اعلی اروند کیجریوال نے امدادی رقم کے طور پر ایک کروڑ روپے کا چیک اہل خانہ کے حوالے کیا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ ہمیں ایسے تمام کورونا جنگجوؤں پر فخر ہے جنہوں نے دہلی کے عوام کی حفاظت کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ ہم ان کی زندگی کو واپس نہیں لاسکتے ہیں ، لیکن مجھے امید ہے کہ اس رقم سے ان کے کنبہ کو کچھ مدد ملے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔