چھتیس گڑھ میں وزیراعلی بگھیل کا بڑا اعلان، 38 ہزار سرکاری ملازمین کو تحفہ

جولائی 2020 میں بھرتی کے قوانین میں وبا کووڈ  کی مدت کے دوران ترمیم کی  تھی تاکہ وبائی مرض پر قابو پانے کی کوششوں میں مزید مالی وسائل مختص کیے جا سکیں۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

چھتیس گڑھ حکومت نے وظیفہ یعنی اسٹائپنڈ  کی فراہمی کو منسوخ کر دیا ہے، جس کے تحت براہ راست بھرتی کے عمل کے ذریعے تعینات سرکاری ملازمین کو تقرری کے چوتھے سال سے پوری تنخواہ ملتی تھی۔ ایک افسر نے اتوار کو یہ جانکاری دی۔

محکمہ تعلقات عامہ کے اہلکار نے بتایا کہ اس قدم سے تقریباً 38000 سرکاری افسران اور ملازمین مستفید ہوں گے۔چھتیس گڑھ کی کانگریس حکومت کا یہ قدم اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے سامنے آیا ہے۔


عہدیدار نے بتایا کہ ہفتہ کو راجیو یووا متان کانفرنس کے دوران وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے وظیفہ کی فراہمی کو ختم کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں ایک فیصلے کو ریاستی کابینہ نے بعد میں شام کو منظوری دے دی۔

سال 2020 میں نافذ کردہ وظیفہ کے اصول کے تحت، براہ راست بھرتی کے عمل کے ذریعے تعینات ہونے والے سرکاری افسران اور ملازمین کو پروبیشن مدت کے پہلے، دوسرے اور تیسرے سال میں بالترتیب 70 فیصد، 80 فیصد اور بنیادی پے سکیل کا 90 فیصد وظیفہ ملے گا۔


افسر نے کہا کہ قواعد کے مطابق تقرری کے چوتھے سال سے پوری تنخواہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے پروبیشن کا دورانیہ دو سال کا تھا لیکن ملازمین کو تقرری کے پہلے مہینے سے پوری تنخواہ ملتی تھی۔

اہلکار نے مطلع کیا کہ ریاستی حکومت نے جولائی 2020 میں بھرتی کے قوانین میں وبا کووڈ  کی مدت کے دوران ترمیم کی تاکہ وبائی مرض پر قابو پانے کی کوششوں میں مزید مالی وسائل مختص کیے جا سکیں اور موثر مالیاتی انتظام اور انتظامی نقطہ نظر کے ذریعے مستقبل کی تقرریوں میں تنخواہ کی لاگت کو کم کیا جا سکے۔


اس کے بعد حکومت نے ملازمین کا پروبیشن پیریڈ دو سال سے بڑھا کر تین سال کر دیا اور انہیں چوتھے سال سے پوری تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا۔براہ راست بھرتی کے عمل کے ذریعے تعینات ہونے والے افسران اور ملازمین کو پہلے سال بنیادی پے سکیل کا 70 فیصد وظیفہ ملتا تھا جو دوسرے سال بڑھ کر 80 فیصد اور تیسرے سال 90 فیصد ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔